ہرن پر حملہ کیے بغیر شیر اس کے قریب سے خاموشی کے ساتھ گزرگیا، ٹوئٹر پر انڈین فاریسٹ آفیسر کا ویڈیو وائرل

درندے اب نہیں رہتے جنگلوں میں!!

ہرن پر حملہ کیے بغیر شیر اس کے قریب سے خاموشی کے ساتھ گزر گیا
ٹوئٹر پر انڈین فاریسٹ آفیسر کا ویڈیو وائرل

حیدرآباد: 02۔مارچ
(سحرنیوزڈاٹ کام/سوشل میڈیا ڈیسک)

شیروں کا شمار خوفناک جانوروں/درندوں میں ہوتا ہے۔اور شیر کو جنگل کا راجہ کہا جاتا ہے جس کے سامنے اس سے کمزور یا کسی اور طاقتور جانور کی ایک نہیں چلتی۔جنگل کے کمزور جانور اس کی غذا ہوتے ہیں۔ماہرین کہتے ہیں کہ شیر اس وقت تک کسی پر حملہ نہیں کرتے جب تک کہ انہیں شکار کرنے کی ضرورت نہ ہو یا ان کو خوفزدہ یا پریشان نہ کی جائے۔

گذشتہ ہفتہ گجرات کے ایک گاؤں کا ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہواتھا کہ نصف شب کےبعد 8 شیر ضلع امریلی کے راجولا تعلقہ کے رام پارہ گاؤں میں داخل ہوگئے تھے۔تاہم بنا کسی پر حملہ کیے وہ واپس لوٹ گئے۔گاؤں والوں نے بتایا تھا کہ گذشتہ ایک سال سے اسی طرح شیر گاؤں میں داخل ہو رہے ہیں اور اس علاقے کے اکثر کھیتوں میں وہ دن کےوقت آرام بھی کرتے ہوئےنظر آتے ہیں۔اس سے قبل گجرات کے ہی احمدآباد ضلع کی سڑکوں پر 5 شیروں کو دیکھا گیا تھا جو ٹریفک کے باؤجود روڈ ڈیوائیڈر کے قریب سے گزر رہے تھے۔

انڈین فاریسٹ سرویس کے عہدیدار رمیش پانڈے (آئی ایف ایس ) نے ٹوئٹر پر ایک شیر اور ہرن کا ویڈیو ٹوئٹ کرتےہوئے اس بات کو ثابت کردیا کہ شیر جب بھوکا ہوتا ہے یا پھر اس کو مشتعل کیا جاتا ہے تب ہی وہ اپنی مدافعت کے لیے اپنی طاقت کا استعمال کرتا ہے۔

رمیش پانڈے کی جانب سے ٹوئٹ کیےگئے اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پگڈنڈی جس کی دونوں جانب چھوٹے راستے ہیں پرایک جانب جنگل کا راجہ شیر بیٹھا ہوا ہے تو دوسری جانب چند قدم کی دوری پر ایک ہرن کھڑی ہے جو شاید سہمی ہوئی بھی ہے۔ہرن اور شیر ایک دوسرے کو دیکھ بھی رہے ہیں۔شاید اس ہرن کو یقین تھا کہ اب اس شیر سے بچنا مشکل ہے!!

رمیش پانڈے آئی ایف ایس نے اپنے اس 19 سیکنڈ کے ویڈیو کے ساتھ کیاپشن لکھا ہے کہ” شیر دراصل درویش صفت ہوتا ہے۔یہ نہ آپ کے لیے پریشانی کا باعث بنتا ہے نہ آپ کو دیکھ کر پریشان ہوتا ہے۔یہ حتی المقدور پرسکون رہنے کی کوشش کرتاہے۔حتی کہ آپ کو اپنے آس پاس پا کر بھی اس کے مضطرب ہونے کے بہت کم امکانات ہوتے ہیں۔یہاں تک کہ جب یہ کسی جارحانہ رویّے کا اظہار بھی کرتاہے تو وہ محض بناوٹی اور اس کی عین فطرت کا اظہار ہوتا ہے۔”

اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شیر اپنی جگہ سے اٹھتا ہے اور پگڈنڈی سے نیچے راستے پر اترتا ہے تاہم ہرن اپنی جگہ پر جوں کی توں کھڑی رہتی ہے،آہستہ آہستہ شیر کچے راستے سے ہرن کو زیادہ توجہ دئیے بغیر اس کے قریب سے گزر جاتا ہے۔تاہم اس واقعہ کا مکمل ویڈیو انہوں نے پوسٹ نہیں کیاہے۔صرف کیاپشن کے ذریعہ سمجھاجاسکتاہےکہ شیر ہرن پر حملہ کیے بغیر وہاں سے گزر گیا۔

ٹوئٹر پر اس ویڈیو کو ایک لاکھ 27 ہزار سے زائد صارفین نے دیکھا ہے۔جبکہ اس اصل ویڈیو کورمیش پانڈے سے قبل اتر اکھنڈ فاریسٹ ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ شیر ہرن کے قریب آتا ہے اور پھر!! تاہم ان دونوں نے نہیں لکھا کہ یہ ویڈیو کس مقام پر لیا گیا ہے۔؟

اس ویڈیو پر کئی ٹوئٹر صارفین نے اپنے کمنٹس میں لکھا ہے کہ”شیر کسی بھی شکار کو شکار کرنے کی زحمت نہیں کرتے،جب تک کہ وہ بھوکے نہ ہوں۔” ، وہیں ایک اور صارف نے لکھا ہے کہ” اس طرح تنہا کھڑا ہونے کے لیے بھی ہمت چاہئے۔”

موجودہ حالات میں یہ ویڈیو ان انسانوں کے لیے ایک پیغام ہے جو کمزوروں کو دباتے ہیں یا پھر مذہبی جنون کا شکار ہوکر معصوم انسانی جانوں کو ضائع کرکےسمجھتے ہیں کہ انہوں نے اپنے مذہب کی حفاظت کی۔جبکہ ہر مذہب امن، بھائی چارگی اور کمزور کی مددکرنے کی تلقین کرتا ہے۔

اس شیر اور ہرن کے ویڈیو پر نامور شاعرہ زہرا نگاہ کی ایک مشہورنظم”جنگلوں کا بھی کوئی دستور ہوتاہے” صادق آتی ہے۔قارئین کے لیے یہاں زہرا نگاہ کا کلام اور ایک منٹ 24 سیکنڈ کا ویڈیو پیش ہے۔نامور ادیب جناب انور مقصود نے کسی تقریب میں اس کلام کو پڑھا تھا۔

سنا ہے جنگلوں کا بھی کوئی دستور ہوتا ہے
سنا ہے شیر کا جب پیٹ بھر جائے تو وہ حملہ نہیں کرتا
درختوں کی گھنی چھاؤں میں جا کر لیٹ جاتا ہے
ہوا کے تیز جھونکے جب درختوں کو ہلاتے ہیں
تو مینا اپنے بچے چھوڑ کر
کوے کے انڈوں کو پروں سے تھام لیتی ہے
سنا ہے گھونسلے سے کوئی بچہ گر پڑے تو سارا جنگل جاگ جاتا ہے
سنا ہے جب کسی ندی کے پانی میں
بئے کے گھونسلے کا گندمی رنگ لرزتا ہے
تو ندی کی روپہلی مچھلیاں اس کو پڑوسن مان لیتی ہیں
کبھی طوفان آ جائے، کوئی پل ٹوٹ جائے تو
کسی لکڑی کے تختے پر
گلہری، سانپ، بکری اور چیتا ساتھ ہوتے ہیں
سنا ہے جنگلوں کا بھی کوئی دستور ہوتا ہے
خداوندا! جلیل و معتبر! دانا و بینا منصف و اکبر!
” مِرے اس شہر میں اب جنگلوں ہی کا کوئی قانون نافذ کر! "

(کلام بشکریہ : ریختہ )

یہ بھی پڑھیں "

گجرات کے ایک گاؤں میں نصف شب کے بعد 8 شیروں کی گشت، دیہاتی خوفزدہ، منظر سی سی ٹی وی کیمرہ میں قید، ویڈیو وائرل

اکو بھائی کی ایک آواز پر کوؤں سے آسمان بھرجاتا ہے، پرندوں کی محبت اور ان کا درد

اتر پردیش کے امیٹھی میں عارف اور سارس پرندہ کی عجیب دوستی، عوام حیران، ویڈیو وائرل