مسجد الحرام میں دیڑھ سال بعد نماز فجر کی ادائیگی کا روح پرورمنظر
کوویڈ قواعد میں نرمی،جسمانی فاصلہ کی پابندی ختم،اقطائے عالم میں خوشی کی لہر

ریاض: 17۔اکتوبر (سحرنیوزڈاٹ کام)
گزشتہ دیڑھ سال سے زائد طویل وقفہ سے کوویڈ وبا کے باعث ساری دنیا عجیب صورت حال کا سامنا کررہی تھی وہیں اقطائے عالم کے مسلمانوں میں مرکز سعودی عرب میں حج اور عمرہ کی ادائیگی کے لیے دیگر ممالک کے زائرین کی آمد پر پابندی سے مایوسی اور تشویش پائی جاتی تھی۔
تاہم انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے حکومت سعودی کی جانب سے یہ اقدام لازمی تھا۔مقامی باشندوں نے مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں عبادات و اذکار کا سلسلہ جاری رکھا تھا۔

گزشتہ ماہ سعودی حکومت نے عمرہ کی ادائیگی پر سے چند کوویڈ قواعد پر عمل آوری کے احکامات کے ساتھ پابندیوں کو برخاست کیا تھا۔ پھر کل سعودی حکومت نے کوویڈ قواعد پر عمل آوری اور حرم مکی میں جسمانی فاصلہ پر پابندی کو برخاست کرنے کا اعلان کرتے ہوئے عالم اسلام کو ایک خوش خبری اور نوید مسرت فراہم کی تھی۔
اس سلسلہ میں کل ہفتہ کے دن صدرات عامہ برائے امور حرمین شریفین مسجد الحرام کی ہدایت پر حرم مکی کو مکمل طور پر نمازیوں کے لیے کھولے جانے کے بعد حرم شریف میں جسمانی فاصلے کی ہدایات کے لیے جگہ جگہ لگائے گئے بورڈس اور اسٹیکرس ہٹا دئیے گئے اور نماز کے دؤران جسمانی فاصلہ قائم رکھنے کی غرض سے گزشتہ سال فرش پر چسپاں کیے گئے اسٹیکرس کو بھی نکال دیا گیا۔

آج 17 اکتوبر بروز اتوار مسجد الحرام میں نماز فجر کے موقع پر روح پرور منظر دیکھنے میں آیا اور یہ منظر زائد از دیڑھ سال کے بعد ان گنہگار نظروں کو دکھائی دیا ہے۔
آج بنا جسمانی فاصلہ کے مسجد الحرام میں نماز فجر کی ادائیگی والے دلکش اور روح پرور مناظر پرمشتمل ویڈیوس سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے ہیں جنہیں دیکھ کر عالم اسلام میں خوشی کی لہر دؤڑ گئی ہے۔
” مسجد الحرام میں نماز فجر کی ادائیگی کا روح پرور منظر اور جسمانی فاصلہ کے لیے لگائے گئے اسٹیکرس نکالتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں ” ( ویڈیو )
چند دن قبل سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے کوویڈ قواعد میں نرمی کی منظوری دی گئی تھی۔اس نرمی میں مسجد الحرام میں کارکنان اور زائرین کی مکمل حاضری کی اجازت شامل ہے لیکن تمام کارکنان اور زائرین کے لیے مستقل طور پر ماسک پہننا لازمی ہوگا۔
” اعتمرنا ” یا ” توكلنا ” موبائل ایپس کے ذریعہ عمرہ اور نماز کے لیے وقت کے تعین کا سلسلہ جاری رہے گا۔

قبل ازیں سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے مطابق آج اتوار سے مملکت میں کھلے مقامات پر ماسک پہننے کی پابندی ختم کردی گئی ہے تاہم بند مقامات پر ماسک پہننا لازمی ہو گا۔
مسجد الحرام میں پوری گنجائش کےتحت نمازیوں کی آمدورفت کی اجازت دی گئی ہے اور جسمانی فاصلے کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔
اس سے عالم اسلام میں خوشی و مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے۔اس بات کے امکانات روشن ہوگئے ہیں کہ اب حرمین شریفین مکمل طور پر کھول دیئے جائیں گے اور حسبِ معمول حج و عمرہ کے لیے عمومی سہولتیں بحال کر دی جائیں گی جو کہ اقطائے عالم کے لیے نوید مسرت ہے۔

Photos Courtesy Twitter Handle: Haramain Sharifain @hsharifain

