گلاب طوفان کا اثر: حیدرآباد کے کئی علاقے جزیروں میں تبدیل،ریاست میں جملہ 6,331 ملی میٹر بارش ریکارڈ

گلاب طوفان کا اثر: حیدرآباد کے کئی علاقے جزیروں میں تبدیل
تلنگانہ کے اضلاع میں 4,980 ملی میٹر اور حیدرآباد میں 1,351 ملی میٹر بارش ریکارڈ
کل 28ستمبر کو بھی شدید ترین بارش کی پیش قیاسی،حکومت کی جانب سے عام تعطیل کا اعلان

حیدرآباد: 27۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام) 

تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے عوام نے شدید ترین بارش کی پیش قیاسی اور بارش کے دؤران پیر کا دن خوف و ہراس اور کئی مشکلات کے ساتھ گزاردیا۔

گلاب طوفان کے اثرات کے باعث حیدرآباد کے کئی اہم علاقے،سڑکوں،کالونیوں اور نشیبی علاقوں میں بے زور پانی کی رفتار، تالابوں اور جھیلوں میں تبدیل سڑکوں کو دیکھ کر محسوس ہوا کہ حیدرآباد جزیرے میں تبدیل ہوکر رہ گیا ہے!!

انڈین میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (آئی ایم ڈی) نے 25 ستمبر کو ہی خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں شدید کمی اور گلاب طوفان کے آندھرا پردیش اور اڈیشہ کے ساحل سے گزرنے کے بعد ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلاع کے آرینج الرٹ جاری کرتے ہوئے پیش قیاسی کی تھی کہ ریاست کے کئی اضلاع میں شدید ترین بارش ہوسکتی ہے۔

وہیں 26 ستمبر کو مزید پیش قیاسی کی گئی کہ گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں بھی شدید ترین بارش ہوگی

اس طرح اتوار کی رات محکمہ موسمیات نے 27 ستمبر ،28 ستمبر اور 29 ستمبر کے دؤران انتہائی شدید ترین بارش کی پیش قیاسی جاری کی۔

حیدرآباد کے راجندرنگر میں شدید بارش کے بعد سڑک کا منظر (ویڈیو) "

محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے عین مطابق آج ریاست کے مختلف اضلاع میں شدید بارش ہوئی اور حیدرآباد کو اس بارش نے جزیرہ میں تبدیل کرکے رکھ دیا۔کئی کالونیوں اور نشیبی علاقوں کے مکانات اور سیلرس زیر آب آگئے جبکہ ہر سال کی طرح شہر کی سڑکیں جھیلوں اور تالابوں میں تبدیل ہوگئیں جس میں کئی گاڑیاں بہہ گئیں، شاپنگ کامپلکس اور دُکانات میں بارش کا پانی داخل ہوگیا۔

وہیں ہفتہ کی رات منی کونڈا کے میان ہول میں گرکر بہہ جانے والے سافٹ ویئر انجینئر گوپی شیٹی رجنی کانت کی نعش آج پیر کے دن منی کونڈا کنال سے دستیاب ہوئی۔

تاریخی چارمینار کے پاس بارش کا منظر ”  ( ویڈیو )

دستیاب اعداد وشمار کے مطابق ریاست تلنگانہ کے اضلاع میں آج جملہ 4,979.9 ملی میٹر بارش اور گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں 1351.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔اس طرح ریاست میں آج صبح 30-8 بجے سے رات 8 بجے تک جملہ 6,331 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

ریاست کے اضلاع میں ریکارڈ شدہ بارش کی بات کی جائے تو سب سے زیادہ بارش 164.3 ملی میٹر بارش راجنا سرسلہ ضلع میں رکارڈ کی گئی ہے راجنا سرسلہ ضلع کے ہی نام پلی میں 103.8 ملی میٹر،جبکہ کھمم ضلع کے تروملیا پالیم میں 151.5 ملی میٹر، وائیرا میں 141.8 ملی میٹر، مدی گونڈہ میں 99.5 ملی میٹر، جیہ شنکر ضلع کے کوتہ پالے گری میں 109.3 ملی میٹر،موگلا پلی میں 106.5 ملی میٹر،تیکومیٹلہ میں 100.8 ملی میٹر، چٹیال میں 147.5 ملی میٹر،اور ریگنڈہ میں 95.3 ملی میٹر، پیداپلی کے کمان پور میں 132.8، پیدا پلی کے ہی متھارم میں 118، کریم نگر کے وینا ونکا میں 127 ملی میٹر، جمی کنٹہ میں 125،ملیالا میں 92.3 ملی میٹر اور کوتہ پلی میں 126.3 ملی میٹر،ملگ کے ملم پلی میں 114.3، وینکٹاپورم میں 107.5،

قاسم دیو پیٹ میں 104 ملی میٹر، وقارآباد میں 111.3 ملی میٹر، رنگاریڈی کے راجندرنگر میں110.8 ملی میٹر،مہیشورم میں 110.3 ملی میٹر، شیورام پلی میں 96.8 ملی میٹر، میدک کے اسلام پور میں 97.5 ملی میٹر،بھدرادی کوتہ گوڑم کے اللہ پلی میں 91 ملی میٹر ،ماما کنو میں 90 ملی میٹر اور ورنگل رورل کے پرکالہ میں 90 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

وہیں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں ریکارڈ کی گئی بارش کے متعلق بات کی جائے تو پیر کی صبح سے رات 8 بجے تک سب سے زیادہ یعنی 80.5 ملی میٹر بارش چارمینار علاقہ میں ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ شیخ پیٹ میں 73.5 ملی میٹر،آصف نگر میں73.3 ملی میٹر،نام پلی علاقہ میں 70.5 ملی میٹر،بہادر پورہ میں 69.5 ملی میٹر،بنڈلہ گوڑہ میں 66 ملی میٹر،

سعیدآباد میں 63.3 ملی میٹر، ویسٹ ماریڈ پلی میں 56 ملی میٹر، ماریڈ پلی میں 55.5 ملی میٹر، عنبر پیٹ میں 52 ملی میٹر، مشیرآباد میں 51 ملی میٹر، خیریت آباد میں 46.5ملی میٹر،حمایت نگر میں 45 ملی میٹر، سکندرآباد میں 43.5 ملی میٹر، امیر پیٹ میں 41.3 ملی میٹر، گولکنڈہ میں 37.5 ملی میٹر اور ترملگیری میں 32.3 ملی میٹر ، میلاردیوپلی میں 59 ملی میٹر اور عطا پور میں 57.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

اب جبکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے 28 ستمبر بروز منگل کو بھی ریاست کے مختلف اضلاع کے بشمول حیدرآباد میں بھی شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کے بعد حکومت تلنگانہ نے آج رات اعلان کیا ہے کہ کل 28 ستمبر بروز منگل ریاست کے تمام سرکاری اور خانگی انتظامیہ کے تعلیمی اداروں،تمام سرکاری اور خانگی اداروں کو تعطیل رہے گی۔

گلاب طوفان کے اثرات سے ریاست تلنگانہ کے اضلاع میں شدید بارش کے پیش نظر کنٹرولر آف ایگزامنیشنس عثمانیہ یونیورسٹی حیدرآباد نے ریاست تلنگانہ میں کل 28 ستمبر اور 29 ستمبر کو ہونے والے ڈگری اور انجنیئرنگ کے امتحانات کو ملتوی کردیا ہے اسی طرح ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کی جانب سے بھی شدید بارش کے پیش نظر ریاست تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں 28 ستمبر اور 29 ستمبر کو منعقدہ امتحانات کو ملتوی کردیا گیا ہے۔

کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اپنے ویڈیو پیغام میں عوام کو مشورہ دیا ہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے 27 ستمبر اور 28 ستمبر کو شدید ترین بارش کی قیاسی کے پیش نظر پولیس کے تمام محکمہ جات چوکس ہیں اور ہنگامی حالات میں عوام کی مدد کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ساتھ ہی کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے حیدرآباد کے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ انتہائی ضرورت پر ہی وہ اپنے مکانات سے باہر نکلیں۔