نوجوان اپنا وقت اور صلاحیتیں راہ خدا میں لگانے کی فکر کریں
نرمل میں آئیڈیل یوتھ موومنٹ کا تفہیمی اجلاس
قائدین جماعت اسلامی ہندایم این بیگ زاہداور دیگر کا خطاب
نرمل : 17۔نومبر
( پریس نوٹ/سحرنیوزبیورو )
موجودہ مسلم معاشرہ میں نوجوانوں میں بے راہ روی اور سماجی برائیوں کا ایک سیلاب امڈ رہا ہے۔ معمولی باتوں پر ایک دوسرے کا قتل کیا جارہا ہے اور نوجوان نسل نشے کی لت میں مبتلا ہوتی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار جناب ایم این بیگ زاہد ،رکن مجلس شوریٰ جماعت اسلامی حلقہ تلنگانہ نے نرمل میں مرکز اسلامی جماعت اسلامی کے دفتر میں آئیڈیل یوتھ موومنٹ کے تفہیمی اجلاس سے نوجوانوں سےاپنے خطاب میں کیا۔
انہوں نے اپناخطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مسلم قوم کے پاس دین اسلام جیسی عظیم نعمت ہونے کے باوجود آج کا مسلم نوجوان اس عظیم نعمت کو چھوڑ رہا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ جماعت اسلامی ایک ایسی تنظیم بنانے جارہی ہے جس میں نوجوانوں کو مثالی نوجوان بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
قبل ازیںجناب احمد عبدالحلیم ،سکریٹری شعبہ توسیع جماعت اسلامی حلقہ تلنگانہ نے نوجوان ملت کا اثاثہ کے عنوان پراپنے خطاب میں نوجوانوں کو متحرک کرنے کے لیے تحریک اسلامی کے بانی مولانا مودودی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایک نوجوان نے بائیس سال کی عمر میں الجہاد فی اسلام جیسی عظیم شاہکار کتاب لکھی۔
انہوں نے جماعت اسلامی ہند کے پہلے امیر جماعت اسلامی مولانا ابولیث کے متعلق کہا کہ جب آزادی کا مرحلہ تھا ہر طرف لہو نظر آرہا تھا۔ ایسے سخت نا مساعد حالات میں مولانا ابو لیث کے ہاتھوں میں امیر جماعت اسلامی ہند کی ڈور سونپ دی گئی اس وقت ان کی عمر 35 سال تھی۔ یعنی وہ نوجوانی کی ہی عمر میں تھے۔ ایسے حالات میں ملک کے اندر تحریک اسلامی کو لے کر چلنا سخت مرحلہ تھا۔ لیکن مولانا نے اپنی نوجوانی اور صلاحیتوں کو راہ خدا میں لگایا۔اسی طرح مولانا عبدالعزیز اور مولانا عبدالرزاق لطیفی کی بھی مثالیں دیتے ہوئے بتایا کہ کیسے ہمارے اسلاف نے اپنی نوجوانی کو راہ خدا میں لگایا تھا۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ آج ضرورت شدیدہے کہ ہم بھی اپنی نوجوانی کی عمر کو اپنی صلاحیتوں کو راہ خدا میں لگائیں تاکہ ہماری آخرت سنور جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس دور میں فسطائی طاقتوں کے غلبہ کو لے کر امت کے اندر بے بسی اور بے حسی آگئی ہے۔ جب کہ امت مسلمہ کے لیے ایسے حالات کا آنا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ شرط یہ ہے کہ ایسے حالات میں ہم اللہ کی کتاب اور اسوہ نبی ﷺ کو تھام لیں۔ اور اگر ہم اپنے دل و دماغ سے بے بسی اور بے حسی کو نکال دیں تو مایوسی ہمارے دلوں میں کبھی گھر نہیں بناسکتی۔
مولانا احمد عبدالعظیم ناظم ضلع کاما ریڈی نے اختتامی کلمات میں نوجوانوں سے کہا کہ مومنین کے لیے آزمائشوں کے لمحات اس کے درجات کو بلند کردیتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کومشورہ دیا کہ آئیڈیل یوتھ مومنٹ سے وابستہ ہوتے ہوئے معاشرہ کی از سر نو تشکیل کے لیےآگے آئیں۔ ورنہ یوں ہی نوجوانی کی زندگی کا قیمتی وقت گزر جائے گا۔ اور ایک وقت آئے گا اس دنیا سے کوچ کر جائیں گے۔
انہوں نے قرآن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انسان کے بس میں وہی کچھ ہے جس کی وہ کوشش کرتا ہے۔ اگر وہ اللہ کے دین کے کام نہیں کرے گا تو اللہ اس کی جگہ کسی اور قوم کو لائے گا۔ لہذا نوجوان اپنی صلاحیتوں اور وقت کو راہ خدا میں لگائیں۔
قبل ازیں غلام درانی امیر مقامی جماعت اسلامی نرمل نے اپنے افتتاحی کلمات میں بتایا کہ آئیڈیل یوتھ مومنٹ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے حضرت علیؓ کی مثال پیش کی کہ کس طرح انہوں نے اپنی نوجوانی کو راہ خدا میں پیش کیا۔ مزید انہوں نے عشرہ مبشرہ کے صحابہ کرام کی بھی مثالیں پیش کیں۔
واضح رہے کہ 22 نومبر بروز اتوار کو حیدرآباد کے نمائش میدان میں آئیڈیل یوتھ مومنٹ کی ریاستی سطح پر کانفرنس ہونے جارہی ہے۔ شہر نرمل سے پچاس نوجوانوں کو اس کانفرنس میں شریک کروانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جو بھی نوجوان اس کانفرنس میں شریک ہونے کے خواہشمند ہیں وہ مقامی جماعت اسلامی نرمل کے دفتر سے رجوع ہوسکتے ہیں۔
اس تفہیمی اجلاس کا آغاز حافظ مجاہد خان کی تلاوت ترجمانی سے ہوا۔ سید سرفراز احمد نے ترانہ پیش کیا۔ اس اجلاس میں محمد اسحق،منڈل انچارج جماعت اسلامی،عبدالحمید، محمد مجاہد، فیض اللہ خان، سید واجد پاشاہ، شیخ اسلم ، شارخ ، محمد جواد ، محمد مدثر ، محمد ارشد ، برادر محمد منور ، شیخ فیصل صدر ایس آئی او ، کے علاوہ نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نظامت کے فرائض وصی اللہ خان نے انجام دیئے۔ مولانا احمد عبدالعظیم کی دعا پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔

