ممبئی ایئر کارگوکمپلیکس سے ڈی آر آئی نے 21 کروڑ روپئے مالیتی اسمگل شدہ 36 کلو سونا ضبط کرلی، ایک گرفتار

ممبئی ایئر کارگوکمپلیکس سے ڈی آر آئی نے 21 کروڑ روپئے مالیتی
اسمگل شدہ 36 کلو سونا ضبط کرلیا،20 لاکھ روپئے نقد رقم بھی ضبط،انچارج گرفتار
ممبئی ایئر پورٹ پر 90 ہزار ڈالر اور ڈھائی کلو سونا ضبط،دو غیر ملکی شہری گرفتار

ممبئی: 24۔جنوری
(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹلیجنس(ڈی آر آئی DRI#)نے ممبئی کےمضافاتی اندھیری سب اربن میں موجود ایئر کارگو کمپلیکس سے 21 کروڑ روپئے مالیتی 36 کلو گرام اسمگل شدہ سونا اور 20 لاکھ روپےنقد رقم ضبط کرلیے،جس کےجائز دستاویزات موجود نہیں تھے۔اوراس سلسلہ میں ایئر کارگو کمپلیکس کے احاطہ سے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے ڈی آر آئی کے ایک عہدیدارنے آج میڈیا کواس ضبطی سے واقف کر وایا۔

خفیہ اور مخصوص ذرائع کی اطلاع کی بنیاد پر ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹلیجنس(ڈی آر آئی)کے عہدیداروں نےکل پیر کوممبئی کے مضافاتی اندھیری میں واقع ایئر کارگو کمپلیکس ممبئی کسٹمز کی تلاشی لی اور منتقلی کےمختلف مراحل میں اسمگل شدہ سونا برآمد کیا۔یہ ایئر کارگو کمپلیکس ممبئی کسٹمز کے لحاظ سے کارگو کی مالیت،فائل کردہ دستاویزات اور آمدنی کے لحاظ سے ہندوستان کا سب سے بڑا ایئر کارگو کمپلیکس ہے۔

ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹلیجنس کے عہدیدار نے کہاکہ سونے کی اسمگلنگ کےمعاملات کی تحقیقات کے دوران ڈی آر آئی کو اسمگل شدہ سونے کی منتقلی اورتقسیم میں ملوث ایک سنڈیکیٹ کےمتعلق اطلاعات ملی تھی،اور ان قیمتی اشیا کی ادائیگی حوالہ چین کےذریعہ کی جاتی تھی۔اس کے بعد ڈی آر آئی نے چند غیر ملکی شہریوں اور مشتبہ ہندوستانیوں کےسفری طرز پر نگرانی شروع کی تاکہ اس سنڈیکیٹ کا پردہ فاش کیا جا سکے اور عہدیداروں نے کارروائی کے مختلف مراحل میں 36 کلو سونا قبضے میں لے لیا جس کی مالیت 21 کروڑ روپئے ہے۔

عہدیدار نے بتایاکہ اس ایئر کارگوکمپلیکس کے احاطہ کے انچارج شخص کے قبضہ سے 20 لاکھ روپے نقد رقم برآمد ہوئی جس کا کوئی حساب نہیں تھا اور اس شخص کوگرفتار کر لیا گیا ہے۔

ڈی آر آئی کے عہدیدار نے بتایا کہ تفتیش پر گرفتار شدہ ملزم نے بتایا کہ اس نے یہ سونا مختلف افراد سے خریدا تھا۔جن میں سے چند غیر ملکی شہریوں کی جانب سے کیپسول کی شکل میں،کپڑوں،مختلف قسم کی مشینوں میں اور ان کے ٹراویل بیاگس میں چھپاکر اسمگل کیا گیا تھا۔عہدیدار نے بتایا کہ مزید تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ روز مخصوص کوڈ ورڈز کے ذریعہ سونا ملک کےمختلف افراد کوپہنچایا جاتا تھا، جن پر شبہ ہے کہ وہ اس سنڈیکیٹ کا حصہ تھے۔عہدیدار نے بتایا کہ اس سلسلہ میں مزید گہرائی کے ساتھ تحقیقات کی جارہی ہیں اور گرفتار شدہ ملزم سے تفتیش کی جارہی ہے۔

دوسری جانب ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر محکمہ کسٹمز کے عہدیداروں نے 22 اور23 جنوری کی شب دو علحدہ علحدہ معاملات میں ایک مسافر کے قبضہ سے 90 ہزار امریکی ڈالرز ضبط کرلیے،جن کی مالیت ہندوستانی کرنسی میں 73 لاکھ روپئے سے زائد ہے۔جو کہ کتابوں کے صفحات میں چھپاکر لائے گئے تھے۔جبکہ ایک اور مسافر کے قبضہ سے ڈھائی کلو سونا ضبط کرلیا گیا جو کہ پیسٹ کی شکل میں ڈھال کر زیر جامہ کپڑوں چھپاکر اسمگل کیا گیا تھا۔یہ دونوں گرفتار شدہ افراد غیر ملکی شہری بتائے گئے ہیں۔