وقار آباد ضلع کے اسمبلی حلقہ تانڈور کی ترقی کے لیے
حکومت تلنگانہ کی جانب سے 134.50 کروڑ روپئے منظور،جی او جاری
وزیراعلیٰ کے سی آر سے رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کا اظہار تشکر
وقارآباد/تانڈور: 28۔نومبر (سحرنیوزڈاٹ کام)
چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ کی ہدایت اور رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کی نمائندگی کے بعد ریاستی حکومت نے وقارآباد ضلع کے حلقہ اسمبلی تانڈور کی ترقی کے لیے اسپیشل ڈیولپمنٹ فنڈ کے تحت 134 کروڑ 50 لاکھ روپئے کے کثیر فنڈز جاری کئے ہیں۔
اس سلسلہ میں گزشتہ شام کے۔راما کرشنا راؤ،اسپیشل چیف سیکریٹری،حکومت تلنگانہ(ایف اے سی )نے جی اوآرٹی نمبر369 مورخہ 26 نومبر جاری کردیا ہے۔اس فنڈ میں سے 78 کروڑ روپئے کے صرفہ سے چار منڈلات یالال،بشیر آباد،پدیمول اور تانڈور منڈل کے 144 مواضعات میں مختلف ترقیاتی کام انجام دئیے جائیں گے۔
جبکہ تانڈور ٹاؤن کے 36 بلدی حلقہ جات میں سڑکیں،ڈرینج اور دیگر ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کے لیے فی بلدی حلقہ ایک کروڑ روپئے صرف کئے جائیں گے۔

اسی طرح تانڈور میں آئی ٹی آئی کے قیام کے لیے درکار انفراسٹرکچر اور دیگر امور پر تین کروڑ روپئے،بنجارہ بھون کی تعمیر کے لیے ایک کروڑ اور بی سی بھون کےلیے دو کروڑ روپئےخرچ کئے جائیں گے۔وہیں گورنمنٹ ڈگری کالج میں مزید کلاس رومس کی تعمیر پر دیڑھ کروڑ روپئے اور تانڈور زرعی مارکیٹ کمیٹی کی جدیدعمارت کی تعمیر کے لیے 10 کروڑ روپئے صرف کئےجائیں گے۔جبکہ بشیرآباد منڈل مستقر میں سڑکوں اور ڈرینج کی تعمیر کے لیے تین کروڑ روپئے مختص کیے گئے ہیں۔
تانڈورکی ترقی کےلیے 134.50 کروڑ روپئے کی منظوری کےبعد پرگتی بھون میں چیف منسٹرکے۔چندراشیکھرراؤسے رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے ملاقات کرتے ہوئے انہیں پھولوں کی کیاری پیش کی اور شال پوشی کرتے ہوئے ان سے تشکر کا اظہار کیا۔
حکومت کی جانب سے اتنی بڑی مقدار میں فنڈ کی اجرائی کے بعد مقامی ٹی آر ایس پارٹی قائدین اور کارکنوں میں جوش و خروش پیدا ہوگیا ہے۔
تانڈورمیں بی سی اور بنجارہ بھون کی تعمیر کے لیے رقمی منظوری اور بڑی مقدار میں تانڈور کی ترقی کے لیے فنڈز کی منظوری پر ان دونوں طبقات کے قائدین اور ذمہ داران کےعلاوہ دیگرپارٹی قائدین کی جانب سےچیف منسٹر کے سی آر کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔وہیں رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں بڑے پیمانے پر تہنیت پیش کی گئی۔



