شوہر بس اسٹانڈ کے فرش پر بیوی کو تھپک کر سُلاتے ہوئے، سوشل میڈیا پر تعریفیں بٹورتا ویڈیو وائرل

تیرا ساتھ ہے تو مجھے کیا کمی ہے؟

بس کا انتظار،شوہر بس اسٹانڈ کے فرش پر بیوی کو تھپک کر سُلاتے ہوئے
سوشل میڈیا پر تعریفیں بٹورتا ویڈیو وائرل

حیدرآباد: 24۔نومبر
(سحرنیوزڈاٹ کام/سوشل میڈیا ڈیسک)

                                    شوہر اور بیوی کا رشتہ مقدس مانا جاتا ہے۔جو سکھ اور دکھ دونوں میں اس رشتہ کی ڈور کو مضبوطی سے تھامے ہوئے رکھتے ہیں۔اگر یہ ڈور کمزور پڑنے لگتی ہے تو دونوں میں سے کوئی ایک اپنی پوری طاقت کے ساتھ اس رشتہ کی ڈور کو اس ربر بیانڈ کی طرح پکڑے رکھتا ہےجس کا دوسرا حصہ اگر سامنے والا چھوڑ دے تو پھر درد بھی اسی کو محسوس ہوتا ہے جس نے اس کو پوری طاقت سے پکڑ رکھاتھا۔!!

                                    آج کے اس دؤر میں یہ شکایتیں بھی عام ہیں کہ اب ان رشتوں میں بھی دراڑیں پڑرہی ہیں۔اس کی وجہ ایک دوسرے کوبرداشت کرنے کے مادہ میں کمی یا پھر وہ ٹی وی سیرئیل جنہیں خوبصورت ناموں کےساتھ ہمارے ڈرائنگ روم تک برسوں سے پہنچائے جارہے ہیں۔جن میں سکھایا جاتاہے کہ عورت مرد کی زرخرید غلام نہیں اور وہ بھی مرد سے کم نہیں۔!بس اس کے بعد شروع ہوتا ہے اپنی اپنی انا،برتری کا احساس اور ایک دوسرے پر سبقت کا کھیل!!

                                    وہیں زیادہ تر بگڑتے رشتوں کو سوشل میڈیا کی لعنت سے بھی جوڑا جاتا ہے؟ وجہ چاہے جو بھی ہو آج طلاق اور خلع کے معاملہ عام ہوتے جارہے ہیں۔شوہر کی بیوی کےخلاف یا بیویوں کی جانب سےشوہروں اور سسرالیوں کے مظالم کی شکایتوں سے پولیس اسٹیشنوں اور کونسلنگ سنٹرز کے دفاتر بھرے پڑے ہیں۔

                                  کئی گھرانےایسے بھی ہیں جہاں آج بھی شوہروں اور بیویوں کےدرمیان لاکھ اختلافات پائےجاتے ہوں لیکن بچوں کےمستقبل اور معاشرہ میں خاندان کی عزت کےخوف سے اس رشتہ کو دونوں جانب سے زبردستی گھسیٹا جارہا ہوتاہے! جبکہ زیادہ تر گھرانوں میں اب بھی اس مقدس رشتہ کی آن،بان اورشان قائم ہے اور ایک دوسرے کی کمیوں اورخامیوں کونظرانداز کرتےہوئے ہنسی خوشی اس رشتہ کا سفر جاری ہے۔

                                    معاشرہ میں ایک غلط سوچ یہ بھی پائی جاتی ہے کہ بیوی کے کسی گھریلو کام میں تعاون کرنا یا کسی معاملہ میں اس کی تائید و حمایت کرنے پر شوہر کےلیے جورو کا غلام کا ایوارڈ تیار رکھاجاتا ہے۔جبکہ یہ رشتہ ہی ایک دوسرے کا ساتھ نبھانے اور ایک دوسرے کا خیال رکھنے کا متقاضی ہوتا ہے۔سوشل میڈیا پربیوی اور شوہر سےمتعلق کئی لطائف اور ویڈیوز عام ہیں۔جن میں زیادہ تر بیویوں کو ظالم کے طور پر پیش کیا جاتاہے۔

                                   ایسے میں سوشل میڈیا پر ایک انتہائی دلکش ویڈیو وائرل ہوا ہے۔جس کو دیکھنے کے بعد اس بات کو مزید تقویت حاصل ہوتی ہے کہ مرد واقعی اپنی عورت کامحافظ،اس کےلیے ایک مضبوط ڈھال اور ہر حال میں اس کا خیال رکھنے والا ہوتا ہے۔ جو دھوپ چھاؤں سب برداشت کرتےہوئے عورت کو یقین دلاتا ہے کہ ” میں ہوں نہ ” اور مرد کی اولین ذمہ داریوں میں سے یہ بھی ایک سب سے بڑی ذمہ داری ہوتی ہے۔

دراصل ٹوئٹر پر گلزار صاحب نامی ہینڈل سے ایک ویڈیو” ہم سفر وہی جو ہر سفر میں آپ کے ساتھ ہو ” کے کیپشن کےساتھ ٹوئٹ کیاگیا ہے۔جس کی ہرطرف سے سراہنا کی جارہی ہے۔31 سیکنڈ کے اس ویڈیو میں دیکھاجاسکتا ہے کہ ایک بس اسٹانڈ میں بس کا انتظار کرتے ہوئے شوہر فرش پر بیٹھا ہواہے اور بیوی اس کے زانوؤں پر اپنا سر رکھ کر سورہی ہے۔اور شوہر اپنی بیوی ایک ہاتھ سے تھپتھپارہا ہے،بالکل اسی طرح جیسے مائیں اپنے چھوٹے بچوں کےساتھ کرتی ہیں۔کہا نہیں جاسکتاکہ یہ تھکاوٹ ہے یا بیماری کی وجہ سے ہے؟

اس ویڈیو کےساتھ یہ نہیں لکھا گیا کہ یہ ویڈیو کہاں کاہے۔اس ویڈیو میں غور کیاجاسکتا ہے کہ یہ ویڈیو کسی نے کار میں بیٹھ کر شوٹ کیا ہے اور بس کا انتظار کررہے شوہر اور چہرے پر چادر اوڑھ کر سورہی بیوی کو اس کی اطلاع بھی نہیں کہ کوئی ان کا ویڈیو لے رہا ہے۔

https://twitter.com/Gulzar_sahab/status/1594005189123780609

ٹوئٹر پر پانچ دن قبل ٹوئٹ کیے گئے اس ویڈیو کو اب تک زائد از 58،000 صارفین نے دیکھا ہے اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔جبکہ اس ویڈیو پر 500 سے زائد کمنٹس کیےگئے ہیں۔جن میں اس جوڑے کے درمیان موجود محبت کی سراہنا کی گئی ہے۔زیادہ کمنٹس میں لکھا گیا ہے کہ بہت خوبصورت ویڈیو،خوشگوار ازدواجی زندگی گزارنے کے لیے ہر جوڑے کے لیے یہ لازمی ہوجاتاہے کہ وہ ہر ہر قدم پر ایک دوسرے کاخیال رکھیں، ایک دوسرے کے درد،جذبات اور احساسات کو محسوس کریں۔کیونکہ زندگی کےسفر میں کوئی ایک تو ایسا ہو جو ہمیشہ آپ کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہوا محسوس ہو۔

ماضی کی فلموں میں بیوی اور شوہر کےرشتوں پربھی فلمیں بناکرتی تھیں اور اس رشتہ پر کئی ایک خوبصورت گیت بھی لکھے اورگائے گئے ہیں۔ جیسا کہ فلم پیاسا ساون میں سنتوش آنند کا لکھا اور لتا منگیشکر کا گایا ہوا یہ گیت؎

تیرا ساتھ ہے تو مجھے کیا کمی ہے؟
اندھیروں سے بھی مل رہی روشنی ہے