عوام آپس میں مل جل کر عید وتہوار منائیں، سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کو بخشا نہیں جائے گا: ڈی ایس پی تانڈورشیکھر گوڑ

عوام آپس میں مل جل کر عید و تہوار منائیں
سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کو بخشا نہیں جائے گا
تانڈور میں مسلم ذمہ داران کے ساتھ اجلاس،ڈی ایس پی شیکھر گوڑ کا خطاب

وقارآباد/تانڈور:03۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)

تمام طبقات آپس میں مل جل کر بھائی چارہ اور قومی یکجہتی کے ساتھ ایک دوسرے کے عید و تہوار منائیں۔تمام مذاہب کی پہلی تعلیم ایک دوسرے کے مذاہب اور مذہبی جذبات کا احترام کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھر گوڑ نے بقرعید کےضمن میں آج وقارآباد ضلع کے تانڈور کے پولیس سب ڈیوثرنل آفس میں منعقدہ مقامی مسلم ذمہ داران کےایک اجلاس سے خطاب کرتےہوئے کیا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈی ایس پی جی۔شیکھر گوڑ نے کہا کہ بقرعید کے بعد آنے والے تمام تہوار بھی پرامن طور پر منائے جائیں اور اس کے لیے محکمہ پولیس کی جانب سے مکمل انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ساتھ ہی ڈی ایس پی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قربانی کے لیے جانوروں کی منتقلی کے دؤران محکمہ پولیس کی جانب سےجاری کردہ قواعد وضوابط پر بھی عمل کرتے ہوئے محکمہ پولیس کے ساتھ تعاون کیا جائے اور قربانی کے تین دنوں کے دؤران اپنے اپنے محلہ جات میں صاف صفائی کا بھی خیال رکھا جائے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھر گوڑ نے انتباہ دیا کہ کسی کی بھی جانب سے سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز یا مذہبی منافرت پرمشتمل موادپوسٹ کیا گیا تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ عوام بھی سوشل میڈیا پر پھیلائی جارہی افواہوں پر دھیان نہ دیں اور اشتعال انگیزی پھیلانے والوں کی اطلاع پولیس کو دی جائے تو فوری کارروائی کی جائے گی کسی کو بھی نہیں بخشا جائے گا۔

اس اجلاس سے امیر منتظمہ مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن تانڈورمحمدخورشید حسین،مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیتہ علماء ضلع وقارآباد،مولانامحمد عثمان غنی جنرل سیکریٹری مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن،ٹی آر ایس رکن بلدیہ محمد آصف اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایس پی کو بتایا کہ پولیس کی جانب سے تانڈور کے چار مقامات پر قائم چیک پوسٹس پر جانوروں کی منتقلی کے دؤران چند پولیس ملازمین اپنے حدود سے تجاوز کرتے ہوئے ہراسانی میں مصروف ہیں۔

ان مسلم قائدین نےاعتراض کرتے ہوئےکہاکہ ان چیک پوسٹس پر پولیس کی موجودگی کے باؤجود بجرنگ دل اور آرایس ایس والوں کا کیا کام؟ اس سے مزید تناؤ پیدا ہوگا۔جس پر ڈی ایس پی نے تیقن دیا کہ وہ اس معاملہ کو حل کریں گے۔اور صرف پولیس کی جانب سے ہی تلاشی لی جائے گی۔

امیر منتظمہ مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن تانڈورمحمدخورشیدحسین،مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیتہ علماءضلع وقارآباد،مولانامحمد عثمان غنی جنرل سیکریٹری مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن،ٹی آر ایس رکن بلدیہ محمد آصف نے پولیس کو مشورہ دیا کہ جانوروں کی منتقلی کے دؤران چیک پوسٹس پر جانوروں کی ضبطی اور انہیں گاؤشالہ منتقل کرنے سے بہتر ہے کہ جو کسان یا جانوروں کے مالک اپنے جانور فروخت کررہے ہیں انہیں بھی پابند بنایا جائے کہ وہ اپنے جانور فروخت نہ کریں۔اور جانوروں کو ضبط کرنے کے بجائے ان کے مالکین کے حوالے کرتے ہوئے خریدےگئےجانور کی رقم واپس دلوائی جائے۔صفائی صفائی کے متعلق ان مسلم قائدین نے کہا کہ ہرسال اس کا مکمل خیال رکھا جاتا ہے۔

اس اجلاس میں چند مسلم ذمہ داران نے پولیس سے کہا کہ دونوں طبقات کے ذمہ داران کا مشترکہ اجلاس طلب کیا جاتا تو بہتر تھا۔جس پر ڈی ایس پی جی۔شیکھر گوڑ نے کہا کہ بہت مشترکہ اجلاس طلب کیا جائے گا۔

اس جلاس میں سرکل انسپکٹران پولیس تانڈور اربن و رورل راجندرریڈی اور رام بابو کے علاوہ صدرمسلم ویلفیئر اسوسی ایشن تانڈورمحمد بابر،ایم اے ستار مجاہدی (گولکنڈہ)،مولانامحمدشکیل احمد نظامی ناظم مدرسہ مدینتہ العلوم،مولاناعبدالرحمن اطہر قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیتہ علما ضلع وقارآباد، رکن بلدیہ محمد مختار احمد ناز،سابق رکن بلدیہ محمدعرفان،محمد محمود خان،نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مائنارٹی ڈپارٹمنٹ خالد سیف اللہ، محمد عابد البا،ایم اے رؤف خان،محمدجاوید،جمعیت القریش تانڈورکےنمائندوں کےبشمول جدید اور قدیم تانڈور کی قریش برادری بھی شریک تھی۔