اگنی پتھ اسکیم کے خلاف احتجاج کی آگ تلنگانہ کے سکندرآباد تک پہنچ گئی
ٹرینوں کو آگ لگادی گئی، پولیس فائرنک میں ایک ہلاک
سکندرآباد ریلوے اسٹیشن میں پرتشدداحتجاج،املاک کو نقصان
نامپلی اسٹیشن،ایم ایم ٹی ایس اور میٹرو سرویس بند،کئی ٹرینیں منسوخ
حیدرآباد : 17۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)
مرکزی حکومت کی جانب سے متعارف کردہ فوج میں چار سال کے لیے بھرتی کی اگنی پتھ اسکیم کے خلاف شمالی ہند کی دس ریاستوں کے مختلف شہروں میں کل فوج میں بھرتی کے امیدواروں کی جانب سے پرتشدد احتجاج کے دؤران ٹرینوں،بسوں اور گاڑیوں کو آگ لگائی گئی تھی اور ریلوے کی املاک کو تباہ کیا گیا تھا۔آج یہ احتجاج مزید ریاستوں تک پہنچ گیا ہے۔
اس احتجاج کی آگ آج ریاست تلنگانہ کےسب سے بڑے اور اہم مانے جانے والے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن تک پہنچ گئی جہاں احتجاجیوں نے تین ٹرینوں/بوگیوں میں آگ لگادی اور پتھروں اور لاٹھیوں سے حملہ کرتے ہوئے ٹرین کی بوگیوں کو نقصان پہنچایا،ریلوے اسٹیشن کے فرنیچر کوتباہ کیا،ریل کی پٹریوں پر رکاوٹیں کھڑی کیں اور ریلوے کی املاک کو تباہ کیا،ریلوے پارسل کو آگ لگادی گئی۔
وہیں احتجاجیوں نے روڈ ٹرانسپورٹ کی بسوں پر بھی پتھراؤ کیا۔اس احتجاج کے باعث ٹرینوں کی آمد ورفت پر اثر پڑا اس احتجاج کی شدت کو دیکھتے ہوئے پولیس نے احتجاجیوں کو وارننگ کے بعد لاٹھی چارج کرتے ہوئے انہیں منتشر کرنے کی کوشش کی بعدازاں کئی راؤنڈ فائرنگ کی گئی جس میں ایک امیدوار دامودر کرویش ہلاک ہوگیا اور کئی احتجاجی زخمی ہوگئے،اس تشدد کے دؤران پولیس ملازمین بھی زخمی ہوئے ہیں۔بتایا جارہاہے کہ مہلوک نوجوان اپنے والد کماراسوامی کے ساتھ آرمی رکروٹمنٹ بورڈ جاکر وہاں سے ریلوے اسٹیشن پہنچا تھا۔ہنوز یہ احتجاج جاری ہے۔
جاریہ احتجاج کو دیکھتے ہوئے سکندرآباد اور نامپلی ریلوے اسٹیشن میں پولیس چوکس ہوگئی ہے اور حرکت میں ہے،ورنگل اور قاضی پیٹ میں چوکسی بڑھاتے ہوئے اس روٹ پر ٹرینوں کو منسوخ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب حیدرآباد کے نامپلی ریلوے اسٹیشن کو بند کرواتے ہوئے پولیس نے اس کا محاصرہ کرلیا اوراپنی تحویل میں لے لیا ہے۔مسافرین کو ریلوے اسٹیشن میں داخلہ کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔وہاں فائر انجنوں کو تیار رکھا گیا ہے بڑی تعداد میں پولیس تعینات ہے۔
اس احتجاج کو دیکھتے ہوئے محکمہ ریلوے نے 71 ٹرینوں کو منسوخ کردیا ہے جوسکندرآباد سے یا براہ سکندرآباد گزرتی ہیں۔مختلف ٹرینوں کو مختلف مقامات پر ہی روک دیا گیا ہے۔جبکہ ایم ایم ٹی ایس ٹرینوں کی خدمات بھی روک دی گئی ہیں۔چنئی،ممبئی اور دیگر شہروں سے براہ سکندرآباد گزرنے والی ٹرینوں کو بھی مختلف مقامات پر روک دیا گیا ہے۔فلک نما سے لنگم پلی تک 12 ایم ایم ٹی ایس سرویس اور لنگم پلی سے فلک نما تک 13 ایم ایم ٹی ایس سرویس بند کردی گئی ہے۔
اسی دؤران آج دوپہر سے حیدرآباد میں میٹرو ٹرین سرویس بھی بند کردی گئی ہے۔میٹرو کے مینجنگ ڈائرکٹر نے کہا ہے کہ آئندہ اطلاع تک سرویس بند رہے گی۔

چیرلہ پلی کے 6 پلیٹ فارمز اور مولاعلی ریلوے اسٹیشن کے چار پلیٹ فارمز پر ٹرینیں روک دی گئی ہیں۔جس کے باعث میں سوار مسافرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔پولیس نے بڑی تعداد میں احتجاجیوں کو گرفتار بھی کیا ہے۔
سکندرآباد ریلوے اسٹیشن میں پرتشدد احتجاج کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے کہ احتجاجی کس طرح اسٹیشن میں داخل ہوئے؟ریلوے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ حالات کب تک معمول پر آئیں گے کہنا مشکل ہے۔6 ایکسپریس ٹرینوں، 55 ایم ایم ٹی ایس سرویس کو مکمل طور پر روک دیا گیا ہے۔ریزرویشن کروانے والے مسافرین کو کرایہ کی رقم واپس دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
سکندرآباد ریلوے اسٹیشن میں ہوئے اس پرتشدد احتجاج اور آگ زنی کے بعد تلنگانہ کے تمام ریلوے اسٹیشنوں پر چوکسی بڑھادی گئی ہے اور پولیس کا بندوبست کیا گیا ہے۔ساتھ ہی حیدرآباد اور سکندرآباد میں پولیس چوکسی بڑھادی گئی ہے۔

