حیدرآباد کی 81 ویں سالانہ صنعتی نمائش کو کوویڈ کے پیش نظر مکمل طور پر بند کردینے کا فیصلہ

حیدرآباد کی 81 ویں سالانہ صنعتی نمائش کو کوویڈ کے پیش نظر مکمل طور پر بند کردینے کا فیصلہ

حیدرآباد: 06۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)

حیدرآباد کے نامپلی میں ہر سال نئے سال کے آغاز سے شروع ہونے والی سالانہ صنعتی نمائش ملک اور ریاست تلنگانہ میں بڑھتے کورونا وائرس اور اومیکرون کے معاملات کے پیش نظر تلنگانہ کے محکمہ صحت کی سفارش اور حیدرآباد سٹی پولیس کی ہدایت کے بعد منتظمین نمائش سوسائٹی کی جانب سے مکمل طور پر بند کردینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ملک اور بیرون ملک میں مشہور حیدرآباد کی اس 81 ویں سالانہ صنعتی نمائش کا کل یکم جنوری کو ریاستی گورنر محترمہ تملسائی سؤندر راجن نے افتتاح انجام دیا تھا۔اس کے دوسرے ہی دن پولیس اور محکمہ صحت کی ہدایت پر نمائش کمیٹی کی جانب سے 2 جنوری کو نمائش کے درمیان ہی اعلان کیا تھا کہ وہ اس نمائش کو 10جنوری تک بند کیا جارہا ہے اور نمائش میں موجود عوام کو فوری نمائش گاہ سے چلے جانے کی ہدایت دی تھی۔

لیکن ریاست اور ملک میں کوویڈ متاثرین کی تعدادمیں دن بہ دن اضافہ کو دیکھتے ہوئے کمشنر سٹی پولیس حیدرآباد سی وی آنند نے4 جنوری کو نمائش سوسائٹی کے منتظمین کو ایک میمو روانہ کرتے ہوئے اس سالانہ نمائش کو مکمل طور پر بند کردینے کی ہدایت دی تھی۔

جس کے بعد آج سیکریٹری نمائش سوسائٹی آدتیہ مرگم نے اعلان کیا ہے حیدرآباد میں جاری اس سالانہ نمائش کو کوویڈ کے پیش نظر اور عوام کے تحفظ کی غرض سے مکمل طور پر بند کیا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ حیدرآباد کی یہ مشہور سالانہ صنعتی نمائش ہر سال یکم جنوری تا 15 فروری منعقد ہوتی ہے۔جس میں ملک کے مختلف مقامات کے تاجرین،تیارکنندگان اور بیوپاری اپنی مختلف اشیاء کی دُکانات لگاتے ہیں۔وہیں بچوں اور تمام عمر کے افراد کے لیے حیدرآباد کی یہ صنعتی نمائش گزشتہ 80 سال سے خرید و فروخت اور تفریح کا ایک بہترین ذریعہ ہوتی ہے۔جس میں حیدرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے بشمول دیگر ریاستوں کے عوام کی بڑی تعداد اس سالانہ نمائش دیکھنے کے لیے حیدرآباد پہنچتے تھے۔