انڈیا کا بہادر بیٹا! ناز ہے تجھ پر، اداکار دھرمیندر نے کرکٹر محمد سراج کی جم کر سراہنا کی

” انڈیا کا بہادر بیٹا ! ناز ہے تجھ پر "
نامور اداکار دھرمیندر نے ٹوئٹ کے ذریعہ کرکٹرمحمد سراج کی جم کر سراہنا کی

حیدرآباد: 22۔جنوری (سحرنیوزڈیسک) 

نامور فلم اداکار دھرمیندر نے آسٹریلیا میں ٹسٹ سیریز میں آسٹریلیا کیخلاف ٹیم انڈیا کی شاندار جیت کے بعد آج ایک ٹوئٹ کے ذریعہ حیدرآبادی کھلاڑی محمد سراج کی جذبات سے مغلوب ہوتے ہوئے ستائش کی ہے۔سوشیل میڈیا کی مقبول سائٹ ٹوئٹر پر آج فلم اداکار دھرمیندر نے لکھا ہیکہ” آپ نے اپنے والد کی موت پر صدمہ کے باوجود میچ کھیلا”

نامور اداکار دھرمیندر نے کرکٹر محمد سراج پر بیحد فخر جتاتے ہوئے لکھا کہ آپ نے ملک کی خاطر کھیلنے کے لیے کس طرح صدمہ انگیز جذبات اور اداسی پر قابو بنائے رکھا ہے۔ یاد رہیکہ آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ سیریز شروع ہونے سے قبل محمد سراج کے والد محمد غوث کا حیدرآباد میں انتقال ہوگیا تھا بی سی سی آئی کی اجازت کے باوجود نوجوان تیز گیند باز محمد سراج نے آسٹریلیا میں ہی رکے رہنے اور کھیل جاری رکھنے کا   فیصلہ کیا۔

ٹوئٹر پر اداکاردھرمیندر نے سراج کی تصویرکیساتھ کیے گئے اپنے ٹوئٹ میں جذباتی پیغام میں لکھا ہے کہ”انڈیا کے بہادر بیٹے! ناز ہے تجھ پر، دل پر والد کی موت کا صدمہ لیے تم وطن کی آن کے لیے میچ کھیلتے رہے اور ایک انہونی جیت وطن کے نام درج کرکے لوٹے دھرمیندر نے مزید لکھا کہ ” کل تجھے اپنے والد کی قبر پر دیکھ کر من بھر آیا، جنت نصیب ہو انہیں”۔