پرگی میں چوروں نے مچایا تانڈؤ، سات دُکانات میں چوری کی واردات

ریاستی خبریں

پرگی میں چوروں نے مچایا تانڈؤ ، سات دُکانات میں چوری کی واردات

پرگی /وقارآباد ۔4۔فروری (سحر نیوزڈاٹ کام) وقارآباد ضلع میں گزشتہ چند دنوں سے وقفہ وقفہ سے نامعلوم سارقوں کی جانب سے سرقہ کی وارداتوں کی انجام دہی سے عوام میں خوف کا ماحول بنا ہوا ہے وہیں محکمہ پولیس کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھائے جارہے ہیں! سرقہ کی یہ وارداتیں خود پولیس کیلئے سردرد بنی ہوئی ہیں ۔ تازہ واقعہ میں ضلع وقارآباد کے اسمبلی حلقہ پرگی میں گزشتہ رات نامعلوم سارقوں نے انتہائی دیدہ دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ہی مصروف علاقہ اور لب سڑک قطار میں موجود پانچ دکانات اور دوسرے علاقہ میں دو دُکانات کے شٹرس کو توڑ کر سرقہ کی واردات انجام دی ہے۔
اس سرقہ کی واردات کی تفصیلات کے مطابق پرگی میں گنج روڈ پر اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے روبروواقع کامپلیکس میں گزشتہ رات نامعلوم سارقوں نےایک ہی قطار میں موجود پانچ دُکانا ت اور باہر پیٹ علاقہ میں دو دُکانات کے شٹرس توڑ کر ان میں سرقہ انجام دیا ان میں ایک جیویلرس شاپ ، دو فُٹ ویئرشاپس ، ایک کپڑوں کی شاپ،ایک ہارڈ ویئر شاپ اور دو کرانہ شاپ شامل ہیں ۔

راہ گیروں نے آج صبح جب ان سات دُکانات کے شٹرس ٹوٹے ہوئے دیکھے تو ان شاپس مالکین کو فون کرکے اطلاع دی بعدازاں شاپ مالکین نے سارقوں کے ہاتھوں لوٹی گئیں اپنی شاپس کو پہنچ کر پولیس کو اس سرقہ کی واردات کی اطلاع دی تو سرکل انسپکٹر پولیس پرگی لکشماریڈی اورسب انسپکٹر پولیس ڈانیئل نے متاثرہ دُکانات کا معائنہ کرتے ہوئے ۔جیویلری شا پ اور دیگر مقامات کے سی سی ٹی فوٹیج کا مشاہدہ کیا تو انکشاف ہوا کہ تین سارقین کی ٹولی نے یہ سرقہ کی وارداتیں انجام دی ہیں۔

سی سی فوٹیج سے لی گئی تصویر میں تین سارق نظر آرہے ہیں

قابل غور بات یہ ہیکہ جیویلری شاپ میں موجود زیور کا ان سارقوں نے سرقہ نہیں کیا جبکہ سی سی فوٹیج میں نظر آرہا ہے کہ ان سارقوں نے سونا کے زیور کے باکس میں موجود زیور کا مشاہدہ کرکے واپس اسی مقام پر رکھ دیا۔

پولیس کے بموجب متاثرہ دُکان داروں نے شکایت کی ہے کہ ان تینوں نامعلوم سارقو ں نے جیویلری شاپس کے کاؤنٹر میں موجود30 ہزار روپئے کی رقم اُڑے گئے،اسی طرح ان سارقوں نے فٹ ویئر شاپ سے 40 ہزار روپئے ، کپڑے کی شاپ سے 15 ہزار روپئے ، کرانہ شاپ سے 500 روپئے اور ہارڈ ویئر شاپ سے ایک ہزار روپئے نقد رقم کا سرقہ کرلیا ان تمام دُکانات سے ان سارقوں نے کوئی بھی چیز سرقہ نہیں کی ہے۔

اس سلسلہ شاپ مالکین کی شکایت کے بعد پرگی پولیس نے ایک کیس درج کرکے تحقیقات کاآغاز کردیا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ان سارقوں کا سراغ لگانے میں مصروف ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے