وقارآباد کے قریب حیدرآبادسے آئے ہوئے سیاحوں کی کار اُلٹ گئی،سات شدیدزخمی
وقارآباد/تانڈور۔31۔جنوری(سحرنیوز ڈاٹ کام)
وقارآباد کے دھارور منڈل میں حیدرآباد سے سیاحت کی غرض سے آئے ہوئے سیاحوں کی کار اُلٹ گئی جس میں سوار تمام سات نوجوان زخمی ہوگئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جنہیں علاج کی غرض سے حیدرآباد منتقل کردیا گیا ہے۔

اس حادثہ کی تفصیلات کے بموجب حیدرآباد سے سات نوجوان جن میں تین لڑکے اور چار لڑکیاں شامل ہیں مہندراXV500 گاڑی میں سوار ہوکر وقارآباد کے سیاحتی علاقہ اننت گیری ہلز کی سیاحت کی غرض سے پہنچے تھے۔
آج دوپہر یہ تمام اننت گیری ہلز کی سیاحت کے بعد وہاں سے کوٹ پلی پراجکٹ جارہے تھے کہ دھارور منڈل کے موضع باچارام کےقریب انکی کار اُلٹ گئی عینی شاہدین کے بموجب کار کی تیزرفتاری کے باعث حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ کار سات مرتبہ کھلونے کی طرح الٹ کر درختوں میں رُک گئی
اس حادثہ میں ایک لڑکا اور ایک لڑکی شدید زخمی ہوگئے جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے اور دیگر پانچ لڑکے ،لڑکیاں بھی شدید زخمی ہوگئ ہیں ان تمام زخمیوں کو فوری طورپر وقارآباد کے سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد ان تمام زخمیوں کو حیدرآباد کے ہسپتال کوروانہ کردیا گیا۔حادثہ کا شکار کار بھی مکمل طورپر تباہ ہوگئی ہے۔ان تمام کی مکمل تفصیلات کا انتظار ہے۔
بتایا جاتا ہیکہ یہ تمام نوجوان لڑکے لڑکیاں آئی ٹی پروفیشن سے وابستہ ہیں اور ملازمتوں کی غرض سے حیدرآباد میں مقیم ہیں جبکہ ان کا تعلق مہاراشٹرا ، کرناٹک اور دیگر ریاستوں سے بتایا جاتا ہے۔! اس سلسلہ میں دھارور پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرکے تحقیقات میں مصروف ہے۔
یاد رہیکہ بالخصوص ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات میں سیاحوں کی بڑی تعداد مختلف گاڑیوں کے ذریعہ حیدرآباد کے علاوہ اضلاع سنگاریڈی ، محبوب نگر، رنگاریڈی کے بشمول پڑوسی ریاست کرناٹک کے بیدر اور گلبرگہ سمیت مختلف مقامات سے سیاحت کی غرض سے وقارآباد سے 6 کلومیٹر کے فاصلہ پر موجود تلنگانہ کے اوٹی کے طورپر مشہور اننت گیری ہلز اور 24 فیٹ ذخیرہ آب کے حامل کوٹ پلی پراجکٹ پہنچتی ہے کہ آج بدقسمتی سے یہ حادثہ پیش آیا۔

