سعودی عرب نے 20ممالک کے شہریوں کی آمد پر عائد کی عارضی پابندی، ہندوستان بھی شامل
ریاض ۔2۔فروری (ایجنسیاں/سحرنیوزڈیسک) سعودی عرب نے 20 ممالک سے آنیوالے شہریوں کی سعودی عرب میں آمد پر عارضی پابندی عائد کرنے کا اعلان کردیا ہے اور اس پابندی کا اطلاق 3 فروری بروز چہارشنبہ کی رات 9بجے سے ہوگا ۔

سعودی عرب نے جن 20 ممالک کے شہریوں کے سعودی عرب میں داخلہ پر عارضی پابندی عائد کی ہے ان میں ہندوستان بھی شامل ہے ماباقی 19 ممالک میں امریکہ،برطانیہ، فرانس ،اٹلی ،سوئٹزرلینڈ ، پاکستان، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، آئرلینڈ، برازیل، پرتگال، ترکی، جنوبی افریقہ، سوئیڈن، ، لبنان، جاپان اور مصر شامل ہیں۔
عرب نیوز میں شائع شدہ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کے محکمہ صحت کے ماہرین کی صلاح پر یہ اقدام کیا جارہا ہے تاکہ کوویڈ ۔19کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے ۔

سعودی وزارت داخلہ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ پابندی سعودی شہریوں، سفارت کار، طبی عملہ اور ان کے اہل خانہ پر عائد نہیں ہوگی صرف مذکورہ بالا ممالک سے سعودی عرب آنے والوں پر عارضی پابندی رہے گی۔