کرکٹر محمد سراج نے ایرپورٹ سے سیدھے والد کی قبر پر پہنچ کر فاتحہ خوانی کی
ریاستی وزیراسپورٹس سرینواس گوڑ نے محمد سراج کو تہنیت پیش کی
(حیدرآباد ۔21۔جنوری (سحر اسپورٹس ڈیسک) آسٹریلیا کوٹسٹ سیریز میں اس کی ہی سرزمین پر شکست سے دوچار کرنے میں اہم رول ادا کرنے والے حیدرآبادی سپوت کرکٹر محمد سراج ٹیم انڈیا کیساتھ جمعرات کو جونہی اپنی سرزمین پر قدم رکھا اپنے مکان کے بجائے شمس آبادکے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ سے سیدھے خیریت آباد قبرستان پہنچ کر اپنے والدمحمد غوث کی مزار پر فاتحہ خوانی کی جن کا انتقال محمد سراج کے63روزہ دؤر ہ آسٹریلیا کے دوران حیدرآباد میں ہوا تھا ۔
اس وقت بی سی سی آئی نے انہیں اجازت بھی دی تھی کہ وہ اپنے والد کی تدفین میں شرکت کیلئے حیدرآباد جاسکتے ہیں لیکن محمد سراج نے اپنی ماہرانہ کرکٹ صلاحیتوں کے ذریعہ اپنے ملک کی خدمت کو ترجیح دی اس طرح محمد سراج نے اپنی بہترین باولنگ کے ذریعہ ٹیم انڈیا کی تاریخی فتح کو یقینی بنایا۔26سالہ محمد سراج اپنے والد کی وفات اور انکی تدفین میں شریک نہ ہونے پر بہت دُکھی بھی تھے محمد سراج کے والدمحمد غوث ایک آٹو ڈرائیور تھےتاہم محمد سراج کو اس قابل بنانے میں انکی ماں اور والد کا بہت بڑا رول رہا ہے ۔
دوسرے میچ کے آغاز سے قبل قومی ترانہ کے دوران محمد سراج کے اندر کا درد اور اپنے ملک سے محبت کا جذبہ آنسووں کی شکل میں چھلک اٹھا تھا جسے دنیا بھر کے ناظرین نے اپنے ٹی وی اسکرینس پر دیکھا تھا اور یہ ویڈیو سوشیل میڈیا کی تمام سائٹس پر وائرل بھی ہوا تھا ۔
یہاں یہ تذکرہ لازمی ہیکہ آسٹریلیا ٹور کے دوران محمد سراج ہندوستان کے سب سے کامیاب باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے تین ٹسٹ میچ میں سب سے زیادہ 13 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے کنگارؤں کوانکی ہی سرزمین پر تاریخی شکست سے دوچار کرتے ہوئے ہندوستان کا نام رؤشن کیا محمد سراج نے میڈیا کو بتایا کہ والد کے انتقال کے بعد ان کی والدہ نے انکی ہمت بندھائی تھی کہ وہ آسٹریلیا ٹور کے دؤران ذہنی اور جسمانی طورپر خود کو مضبوط رکھیں اور اپنے مرحوم والد کے خواب کو شرمندہ تعبیر کریں ماں کی یہی ہمت میرے لیے بہت کام آئی ۔
اسی دؤران آسٹریلیا ٹور کے دؤران تلنگانہ اور حیدرآباد کے سپوت محمد سراج کے بہترین مظاہرہ پر ریاستی وزیر اسپورٹس سرینواس گوڑ نے حیدرآباد میں انہیں تہنیت پیش کرتے ہوئے مبارکباد دی اور کہا کہ انہوں نے اپنی صلاحیتوں کے ذریعہ ملک، ریاست اور شہر حیدرآباد کا نام رؤشن کیا ہے ساتھ ہی وزیر اسپورٹس نے مستقبل کیلئے محمد سراج سے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔