جب شیر ہاتھیوں کو راستہ دینے کے لیے اچانک گھاس میں بیٹھ گیا، آئی ایف ایس آفیسرنے ناقابل یقین ویڈیو ٹوئٹ کیا

تم تو کہتے تھے کہ ہوتے ہیں درندے ظالم
 میں نے انسان کو انسان نِگلتے دیکھا ہے 

جب شیر ہاتھیوں کو راستہ دینے کے لیے اچانک گھاس میں بیٹھ گیا
آئی ایف ایس آفیسر سسنتا نندا کا ٹوئٹر پر ناقابل یقین ویڈیو

حیدرآباد : 04/مئی
(سحرنیوزڈاٹ کام/سوشل میڈیا ڈیسک)

شیر کو جنگل کا راجہ کہا جاتا ہے۔کہتے ہیں کہ جنگل میں اس کی حکمرانی کا سکہ چلتا ہے اور کسی جانور کی ہمت نہیں ہوتی اس کے آگے یا پیچھے نظر آجائیں۔لیکن ماہرین کا کہناہے کہ شیر کبھی ہاتھیوں سے چھیڑ چھاڑ یا ان پر حملہ نہیں کرتے شاید شیروں کو ہاتھیوں کے جنون اور ان کی طاقت کا اندازہ ہوگا۔!

انڈین فاریسٹ سروس IFS#کےعہدیدار مسٹر سوسنتا نندا Susanta Nanda@ اکثر اپنے ٹوئٹرہینڈل پرجنگلی جانوروں سے متعلق انتہائی خوبصورت اور دلکش ویڈیو ٹوئٹ کرتے ہیں،جن میں انسانوں کے لیے بھی ایک پیغام چھپا ہوا ہوتا ہے۔

آئی ایف ایس عہدیدار مسٹر سوسانتا نندا نے وجیتا سمہا کےشکریہ کےساتھ ایک منٹ 29 سیکنڈ پرمشتمل ایک حیرت انگیز ویڈیو ٹوئٹ کیا ہے۔جس کو ناقابل یقین کہا جا رہا ہے۔اس ویڈیو کے ساتھ آئی ایف ایس عہدیدار نے اپنے سبق آمیز کیاپشن میں لکھا ہے کہ

” جانور اس طرح پیغام رسانی کے ذریعہ باہمی ربط و ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
راہ میں شیر کی بو سونگھ کر ہاتھی نے اپنی آواز بلند کی اور جنگل کے راجہ نے
ہاتھیوں کے ریوڑ کو گزرنے کے لیے راہ دے دی۔”

اس خوبصورت اور دلنشین ویڈیو میں دیکھاجاسکتا ہے کہ ایک شیر پگڈنڈی کی سیدھی جانب موجود گھاس میں چل رہا ہے کہ اچانک سیدھی جانب ہی موجود راستہ سے ایک ہاتھی چنگھاڑتے ہوئے نمودار ہوکر اس پگڈنڈی والے راستے کو عبور کر رہا ہے۔جونہی وہ ہاتھی نظر آتا ہے راستے کے اختتام سے قبل شیر فوری گھاس میں بیٹھ جاتا ہے۔

” نوٹ : اگر کوئی ویڈیو دیکھنے میں کوئی مسئلہ درپیش ہو رہا ہو تو براہ کرم پیج کو Refresh کریں "

اس کے بعد اس ہاتھی کے پیچھے ایک اور ہاتھی نکلتا ہے،پھر اسی دوران ایک اور قوی ہیکل ہاتھی بھی ان دونوں ہاتھیوں کے بعد پگڈنڈی پر پہنچتا ہے۔اس دوران دَم سادھے شیر خاموش گھاس میں ہی بیٹھ کر ہاتھیوں کو گزرتے ہوئے دیکھتا رہتا ہے۔

جب شیر کو یہ یقین ہوجاتاہے کہ تینوں ہاتھی سڑک عبور کرکے جنگل میں داخل ہوچکے ہیں تو وہ اسی راستے کی جانب دیکھتے ہوئے اٹھ کر چلنا شروع کرتا ہے اور اس پگڈنڈی کی گھاس سے خشک راستے کے درمیانی حصہ پر چلنا شروع کردیتا ہے اور اس مقام پر پہنچ کر یہ یقین کرلینے کی کوشش کرتا ہے کہ تینوں ہاتھی چلے گئے یا نہیں؟

ساتھ ہی وہ اس راستے کی جانب بھی دیکھتارہتا ہےجس راستے سے تین ہاتھی نکل کر دوسری جانب چلےگئے،شاید شیر کو اندازہ تھاکہ اس راستے سے مزید ایک اور ہاتھی کی آمد طئےہے۔؟ پھر وہ اس راستے پر نظریں جمائے رکھتاہے،اس شیر کا اندازہ اس وقت درست ثابت ہوتا ہے جب ایک اور چنگھاڑتا ہوا قوی ہیکل ہاتھی دؤڑتے ہوئے اسی راستے سے آجاتا ہے جس راستے سے یہ تین ہاتھی نکلے تھے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہاتھی اور شیر دونوں ہی اس موقع پر گھبرا جاتے ہیں شیر دؤڑ کر پھر اسی مقام پر جاکر گھاس کے پودوں میں داخل ہوجاتا ہے،جہاں وہ پہلے باہر بیٹھا ہواتھا۔جبکہ شیر کی موجودگی سے باخبر یہ ہاتھی شیر کی جانب دیکھتے ہوئے دؤڑ لگاکر جنگل میں بھاگ جاتا ہے۔

آئی ایف ایس عہدیدارمسٹر سسانتا نندا کی جانب سے ٹوئٹ کیےگئے اس ویڈیو کو اب تک ایک لاکھ 75 ہزار سوشل میڈیا صارفین دیکھ چکے ہیں جبکہ اس ویڈیو کو ساڑھے تین ہزار افراد نے لائیک کیا ہے۔اس ویڈیو والے ٹوئٹ پر کئی دلچسپ کمنٹ بھی کیے گئے ہیں۔تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ ویڈیو کہاں کا ہے۔؟