سپریم کورٹ نے فلم ” ہمارے بارہ ” کی ریلیز پر روک لگا دی

سپریم کورٹ نے فلم ” ہمارے بارہ ” کی ریلیز پر روک لگا دی

نئی دہلی: 13۔جون
(سحر نیوز ڈاٹ کام/ایجنسیز)

سپریم کورٹ نے آج جمعرات کو فلم”ہمارے بارہ” کی نمائش پر اس وقت تک روک لگادی ہے جب تک کہ بمبئی ہائی کورٹ میں اس کی ریلیز سے متعلق زیر التوا کیس کو میرٹ پر نمٹا نہ جائے۔ کل 14 جون کو ریلیز ہونے والی یہ فلم ہندوستان میں اسلامی عقیدہ اور شادی شدہ مسلم خواتین کی تضحیک پر مبنی ہے۔

معزز جسٹس وکرم ناتھ اور سندیپ مہتا کی تعطیلات والی بنچ اس فلم کی ریلیز کو منظور کرنے کے بمبئی ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرنے والی ایک عرضی کی سماعت کر تے ہوئے فلم’’ہمارے بارہ‘‘ کی نمائش پرروک لگاتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس فلم کا ٹیزر(ٹریلر) آج صبح ہی دیکھا ہے اور اسے ناگوار پایا اور ٹریلر میں تمام اشتعال انگیز ڈائیلاگ موجود ہیں۔

ملک کی اعلیٰ عدالت نے اس بات پر روشنی ڈالتے ہوئےکہ ٹیزر قابل اعتراض مواد سے بھرا ہوا ہے۔سپریم کورٹ نے اس درخواست میں عائد ان الزامات کا نوٹس لیا کہ اس فلم میں اسلامی عقیدہ، خاص طور پر شادی شدہ مسلم خواتین کی توہین ہے۔اس دو رکنی بنچ نے بمبئی ہائی کورٹ سے کہا کہ وہ اظہر باشا تمبولی کی عرضی پر جلد فیصلہ کرے۔

سپریم کورٹ نے فلم کی ریلیز پر روک لگانے سےممبئی ہائی کورٹ کے انکار کو چیلنج کرنے والی درخواست کی سماعت کے بعد یہ حکم دیا۔ ہائی کورٹ کے سامنے یہ دلیل دی گئی تھی کہ فلم میں شادی شدہ مسلم خواتین کو دکھایا گیا ہے کہ قرآن کی ایک آیت کی وجہ سے انہیں معاشرے میں فرد کے طور پر کوئی آزاد حقوق حاصل نہیں ہیں۔

بار اینڈ بنچ کی رپورٹ کے مطابق درخواست گزار کی نمائندگی کرنے والی وکیل ایڈوکیٹ فوزیہ شکیل نے کہا کہ ہائی کورٹ نے ایک فریق یعنی سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (سی بی ایف سی) کو ہدایت کی ہے کہ وہ فلم کی نمائش کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے۔جس میں ایک مسلم رکن بھی شامل ہو۔

فلمساز کی نمائندگی کرنے والے وکیل نے سپریم کورٹ میں کہا کہ ٹیزر سے تمام قابل اعتراض مناظر ہٹا دیے گئے ہیں تو عدالت نےاستفسار کیا کہ ” اگر ٹیزر ہی اتنا ناگوار ہے تو پھر پوری فلم کا کیا ہوگا…؟پہلی نظر سے ایسا لگتا ہےکہ آپ ناکام ہو گئے ہیں کیونکہ آپ نے خود ہی ٹیزرسے مناظر کو حذف کر دیا ہے”

جب فلم سازوں کی نمائندگی کرنے والے وکیل نے کہاکہ حکم امتناعی کی وجہ سے انہیں نقصان اٹھانا پڑے گا توسپریم کورٹ نےبمبئی ہائیکورٹ سے کہا کہ وہ اس درخواست کا جلد فیصلہ کرے جو فلم کے CBFC سرٹیفکیٹ کو بنیادی طور پر چیلنج کرتی ہے۔

فلم ہمارے بارہ میں انوکپور کےعلاوہ دیگر اداکاروں نے اداکاری کی ہے۔جس کی ریلیز پر کرناٹک حکومت نے پہلے ہی امتناع عائد کردیا ہے۔کمل چندرا اس فلم کے ڈائرکٹر ہیں جبکہ اس فلم کو روی ایس گپتا،شیو بلک سنگھ،سنجے ناگپال اور بریندربھگت نے پروڈیوس کیا ہے،وہیں اس فلم کی کہانی راجن اگروال نے لکھی ہے۔