سرکاری ملازمین کو حکومت تلنگانہ کی سوغات ، 30 فیصد فٹمینٹ کا وزیر اعلیٰ کے سی آرنے کیا اعلان
وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر 61 سال کردی گئی ، ترقی کا جاریہ عمل جلد مکمل کرلیا جائے گا، بین ضلعی تبادلوں کا بھی اعلان
حیدرآباد 22۔مارچ (سحر نیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کی جانب سے اپنی تنخواہوں میں اضافہ کے لیے حکومت کی جانب سے پی آر سی کے اعلان کا طویل انتظار آج اس وقت ختم ہوا جب ریاستی وزیر اعلیٰ کے سی آر نے اسمبلی میں اعلان کیا کہ ملازمین سرکار کو 30 فیصد فٹمینٹ دیا جائے گا۔

اسمبلی اجلاس سے اپنے خطاب میں اس اعلان سے قبل وزیر اعلیٰ نے ملازمین سرکار کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہی کی محنت سے حکومت اور ریاست کا نظم و نسق چلتاہے وزیر اعلیٰ کے سی آر نے علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے مطالبہ پر متحدہ آندھراپردیش میں ملازمین سرکارکی طویل ترین ہڑتال کا بھی تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کے سرکاری ملازمین کی طویل ترین ہڑتال متحدہ ریاست میں بھی تلنگانہ این جی اوز کی جدوجہد ناقابل فراموش ہےکہ لاکھ ہراسانیوں اور دھمکیوں کے باؤجود بھی تلنگانہ کے ملازمین سرکار جدوجہد تلنگانہ میں شامل رہے ۔اور ریاست کے حصول میں ملازمین سرکار ، اساتذہ کی خدمات بھی ناقابل فراموش ہیں۔
وزیراعلیٰ کے سی آر ریاستی اسمبلی میں سرکاری ملازمین کیلئے پی آرسی کا اعلان کرتے ہوئے: ( ویڈیو بشکریہ : فیس بک )
وزیر اعلیٰ کے سی آر نے اسمبلی میں سرکاری ملازمین کیلئے 30 فیصد فٹمینٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا پی آرسی (پے رویژن کمیشن) کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا ۔ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ یہ فٹمینٹ ماضی کی حکومتوں کی طرح صرف سرکاری ملازمین کیلئے ہی نہیں بلکہ انکے ساتھ انسانی بنیاد پر اؤٹ سورسنگ اور کنٹراکٹ ملازمین مثلاً ہوم گارڈس ، آشا ورکرس ، آنگن واڑی ورکرس،سیلف ملازمین ، ودیا والینٹرس ،سروا شکشا ابھیان ، وی آراوز،وی آر ایزاور دیگر کیلئے بھی ہوگا۔
وزیر اعلیٰ کے سی آر نے کہا کہ یہ 30 فیصد فٹمنٹ ریاست میں موجود جملہ 9 لاکھ 17 ہزار 797 ملازمین کو حاصل ہوگا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء سے ریاست کو بھی درپیش معاشی مشکلات کے باعث 11 ویں پی آرسی کے اعلان میں تاخیر ہوئی ہے۔
تاہم وزیر اعلیٰ کے سی آر نے یہ واضح نہیں کیا کہ پی آرسی کب سے دیا جائے گا جبکہ ملازمین سرکار اور صحافتی حلقوں میں یہ اطلاعات زیر گشت تھیں کہ سال 2018ء سے پی آرسی دیا جائے گا ؟؟ یا پھر پی آرسی پر عمل آوری وزیراعلیٰ کے اعلان کے مطابق یکم اپریل 2021ء سے ہی ہوگی ؟
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پی آرسی کے نفاذ کے لیے چیف سیکریٹری سومیش کمار کی قیادت میں تین رکنی کمیٹی بنائی گئی تھی جس نے ملازمین سرکار کی تمام تنظیموں کے نمائندوں سے بات کی اور حکومت کو سفارش پیش کی۔
ساتھ ہی وزیر اعلیٰ کے سی آر نے اسمبلی میں یہ اعلان بھی کیا کہ اب سرکاری ملازمین کی وظیفہ پر سبکدوشی کی عمرکو 61 سال کیا جارہا ہے۔یاد رہے کہ پہلے وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر 58 سال ہوا کرتی تھی۔
ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے یہ اعلان بھی کیا کہ ملازمین سرکار کی ترقی کے عمل کو جلد مکمل کرلیا جائے گا جس میں اب تک 80فیصد ملازمین کی ترقی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔
اور ساتھ ہی بین ضلعی تبادلوں کے عمل کے آغاز کا بھی وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا۔
وزیر اعلیٰ کے سی آر نےاعلان کیا کہ وظیفہ یابوں کی عمر کو 75 سال سے گھٹاکر 70 سال کیا جائے گا