حیدرآباد ایرپورٹ پر دُبئی سے آنے والے مسافر کے قبضہ سے 18 لاکھ روپئے مالیتی 350گرام سونا ضبط

حیدرآباد ایرپورٹ پر دُبئی سے آنے والے مسافر کے قبضہ سے
18 لاکھ روپئے مالیتی 350 گرام سونا ضبط
دو کمر بیلٹ کے بکّل ہی سونا سے بناکر لائے گئے تھے

حیدرآباد: 15۔فروری(سحرنیوزڈاٹ کام)

حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ (شمس آباد ایرپورٹ) پرکسٹم عہدیداروں کی چوکسی کے باعث غیرممالک سے آنے والے اور چند غیر ممالک جانے مسافرین کے قبضہ سے بڑی مقدار میں اسمگل کیا جانے والا سونا،بیرون ممالک کی کرنسی اور دیگر ممنوعہ اشیا ضبط کیے جانے کا سلسلہ ہنوز جاری ہے!!ان اشیا کی اسمگلنگ میں مصروف افراد بھی مختلف خفیہ طریقوں اور سامان میں چھپاکر لانے میں مصروف ہیں۔ 

حیدرآباد ایرپورٹ پر محکمہ کسٹمس کے عہدیدار وں نے آج دبئی سے آنے والے ایک مسافر کے قبضہ سے اسمگل کیا جانے والا سونا ضبط کرتے ہوئے اس مسافر کو اپنی تحویل میں لے کرایک درج کرلیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

محکمہ کسٹمس حیدرآباد ایرپورٹ کے عہدیداروں کے مطابق آج 15 فروری کو دبئی سے فلائٹ نمبر 6E 025 کے ذریعہ حیدرآباد ایرپورٹ پہنچے ایک مسافر کی تلاشی لی گئی تو اس کے بیاگ سے دو پینٹ کے ساتھ کمر پر باندھے جانے والے چمڑے کا بیلٹ Leather Belt برآمد ہوئے۔اور ان دونوں بیلٹوں کے”بکّل Buckle سونا سے تیار کیے ہوئے تھے۔

کسٹمس عہدیداروں کے مطابق اس طرح اس مسافر کے قبضہ سے 350 گرام سونا برآمد ہوا جسے ضبط کرلیا گیا۔محکمہ کسٹمس حیدرآباد ایرپورٹ کے عہدیداروں کے مطابق اس ضبط شدہ سونا کی مالیت 18 لاکھ 18 ہزار روپئے ہے۔