کروڑہاصارفین کو کھودینے کے بعد واٹس ایپ کو آیا ہوش
نئی دہلی/ حیدرآباد 30۔جنوری (سحرنیوز ڈیسک) جاریہ سال کے آغاز کے ساتھ ہی واٹس ایپ کی جانب سے اپنے ہر صارف کو ایک میسیج روانہ کرتے ہوئے کہا جارہا تھا کہ اسکی پرائیویسی پالیسی کو تبدیل کیا جارہا ہے اور اسکے ساتھ AGREE اور NOT NOW کے دو آپشن صارفین کی پریشانی کا باعث بن رہے تھے اور اس میں کہا گیا تھا کہ 8فروری تک اس نئی پالیسی کو قبول کرنا لازمی ہوگا۔ (اس میسیج کا عکس پیش ہے)
جسکے بعد سوشیل میڈیا کی دیگر سائٹس اور مین اسٹریم میڈیا میں اس پر بحث چھڑ گئی تھی کہ اگر واٹس ایپ کی نئی پرائیویسی پالیسی کو صارف قبول کرلیتے ہیں تو پھر واٹس ایپ پر انکی کوئی بھی سرگرمی خفیہ نہیں رہے گی اور یہ عام ہوجائے گی ! اس کے خوف سے لاکھوں صارفین نے اپنا واٹس ایپ ڈیلیٹ کرنے میں بھی عافیت مان لی تھی اور نئی سوشیل میڈیا سائٹ SIGNAL اورTELEGRAM پرمنتقل ہوگئے۔
یاد رہیکہ ملک میں 40 کروڑ سے زائد واٹس ایپ صارفین تھے جب واٹس ایپ کی اس پرائیویسی پالیسی کی تبدیلی کے معاملہ میں ہٹ دھرمی سے اسکے صارفین راتوں رات کم ہونے لگ گئے تو اسکی عقل ٹھکانے پرآئی اور اعلان کرنا پڑا کہ واٹس ایپ اپنے صارفین کی پرائیویسی میں ہرگز تبدیلی نہیں کرے گا اس کا مقصد کچھ اور تھا پروپگنڈہ کچھ اور کیا گیا ملک میں پہلی مرتبہ واٹس ایپ انتظامیہ کو اخبارات میں اشتہار دیتے ہوئے صارفین کے خوف کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی ۔
یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ سوشیل میڈیا کا مقبول عام فیس بک ، انسٹا گرام اور واٹس ایپ تینوں فیس بک کے مالک مارک زکر برگ کی ملکیت ہیں ۔ واٹس ایپ کی پرائیویسی پالیسی کی تبدیلی کے اعلان کے بعد اسکے صارفین کے ردعمل کو جاننے کی کوشش کرتے ہوئے ایک خانگی ادارہ لوکل سرکلس کی جانب سے ملک کے کئی شہروں میں کیے گئے سروے کے دوران انکشاف ہوا کہ زائد از دو کروڑ واٹس ایپ صارفین نے اپنا واٹس ایپ اکاؤنٹ ڈیلیٹ کردیا ہے!جبکہ لاکھوں صارفین نے اپنا واٹس ایپ کا استعمال کم کردیا ہےاور دیگر سوشیل میڈیا ایپ جیسے فیس بک ،انسٹا گرام ، سگنل اور ٹیلیگرام کے استعمال کوزیادہ ترجیح دے رہے ہیں ۔
تاہم آج بھی واٹس ایپ کی اپنی مقبولیت برقرار ہی مانی جاسکتی ہے کیونکہ واٹس ایپ صارفین بالخصوص سگنل اور ٹیلیگرام کے فیچرس سے مطمئین نظر نہیں آرہے ہیں ۔لندن کے مشہور اخبار گارجین میں شائع رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے پرائیویسی پالیسی کی تبدیلی کے اعلان کے بعدجنوری کے پہلے تین ہفتوں میں ہی عالمی سطح پرسوشیل میڈیا ایپ SIGNALنے ساڑھے سات ملین جبکہ TELEGRAMکو 25ملین نئے صارف حاصل کرلیے۔لڑائی کے بعد گھونسا یاد آیا کہ مصداق اپنے کروڑہا صارفین کو کھودینے کے بعداب واٹس ایپ نے اعلان کیا ہیکہ وہ اپنے ڈیسک ٹاپ اور ویب ایپس میں سیکورٹی کے لیے نئے فیچرز شامل کرنے جارہا ہے۔واٹس ایپ صارفین کو اب اپنے اکاؤنٹ کو ویب یا ڈیسک ٹاپ پر لنک کرنے سے پہلے اس اکاؤنٹ کی تصدیق کرنی ہوگی۔ واٹس ایپ کے نئے فیچرزآنے والے ہفتوں میں عالمی سطح پر متعارف کیے جائیں گے۔اینڈروئیڈ پر واٹس ایپ صارفین واٹس ایپ ویب یا ڈیسک ٹاپ کی توثیق کرنے کے لیے فیس یا فنگر پرنٹ ان لاک کا استعمال کرسکتے ہیںوہیں آئی فون صارفین کو اپنے اکاؤنٹ کی تصدیق کیلیے فیس آئی ڈی استعمال کرنا ہوگی۔ جب بھی صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو کسی نئے لیپ ٹاپ یا پی سی سے لنک کرتے ہیں تویہ سیکیورٹی تصدیق ہوجائے گی اس کے ساتھ ہی فون سے کیو آر کوڈ اسکیان کرنے سے پہلے ہی یہ عمل نظر آئے گا۔اب سوال یہ پیدا ہوتا ہیکہ کیا واٹس ایپ اس تبدیلی کیساتھ اپنے کھوئے ہوئے صارفین کو دوبارہ اپنی جانب راغب کرپائے گا ؟