پائلٹ نے کیا تانڈور کے 46 مواضعات کا دؤرہ ، تمام مسائل کے حل کا تیقن
تانڈور۔8۔فروری (سحر نیوز ڈاٹ کام) پائلٹ روہت ریڈی رکن اسمبلی تانڈور نے عوامی مسائل سے واقفیت کی غرض سے یکم / فروری سے آج تک حلقہ اسمبلی تانڈور کے یالال، بشیر آباد، پدیمول ، اور تانڈور منڈلات کے46/ مواضعات کا دؤرہ کیا ۔انہوں نے آج پدیمول منڈل کا دؤرہ کرتے ہوئے عوامی مسائل کا جائزہ لیا اورمواضعات میں پیدل گھوم کر عوام سے راست ملاقات کرتے ہوئے انہیں درپیش مسائل سے تفصیلی واقفیت حاصل کی
پائلٹ روہت ریڈی رکن اسمبلی تانڈورنے یکم ؍ فروری سے حلقہ اسمبلی تانڈور کے ان چاروں منڈلات میں موجودمواضعات میں مسائل کا جائزہ لینے کی غرض سے پلے باٹا (موضع کا راستہ) پروگرام کا آغاز کیا ہے۔
اس ایک ہفتہ کے دؤران رکن اسمبلی نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں اور پارٹی قائدین کیساتھ یالال ، بشیر آباد اور تانڈور منڈلات کے مختلف مواضعات اور گریجن تانڈؤں کا پیدل دؤرہ کرتے ہوئے ان مواضعات کو درپیش مسائل کو جائزہ لیا اور عوام کو تیقن دیا کہ مرحلہ وار سطح پر وہ ان مواضعات کی بہتر ترقی کے لیے تمام اقدامات کو یقینی بنائیں گے ۔
اسی پلے باٹا پروگرام کے تحت پائلٹ روہت ریڈی رکن اسمبلی تانڈور نے آج پدیمول منڈل کے مواضعات اندور ، جئے رام تانڈہ ، گوٹلا پلی ہنماپور ، درونی واگوتانڈہ ،،بنٹی مٹا تانڈہ کا دؤرہ کیا اور عوام سے راست ملاقات کرتے ہوئے مواضعات کو درپیش مسائل سے واقفیت حاصل کی۔
بعد ازاں ان مواضعات کے عوام کیساتھ اجلاس بھی منعقد کیے ۔اس موقع پر رکن اسمبلی تانڈورنے ان مواضعات کی ترقی کیساتھ ساتھ عوام کودرپیش تمام مسائل کے فوری حل کا تیقن دیا۔رکن اسمبلی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مواضعات کے عوام کیساتھ دوستانہ ماحول میں کام کریں اور انکی شکایتوں پر فوری کارروائی کو یقینی بنائیں ۔پائلٹ روہت ریڈی نے متعلقہ عہدیداروں کویہ ہدایت دی کہ مواضعات میں قومی ضامن روزگار اسکیم پر مکمل عمل آوری کی جائے اور تمام کو کام مہیا کروایا جائے ساتھ ہی اس کے مشاہرہ کی ادائیگی میں تساہلی نہ برتی جائے ،
رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تمام گرام پنچایتوں کے دفاتر کے باہر تمام محکمہ جات کے متعلقہ عہدیداروں کے نام اور انکے فون نمبرات پر مشتمل بورڈس آویزاں کیے جائیں تاکہ ہنگامی حالات میں ان مواضعات کے عوام ان سے راست شکایت کرسکیں ۔ان مواضعات کے عوام کی متعدد شکایتوں کے بعد رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے محکمہ برقی کے عہدیداروں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں انتباہ دیا کہ وہ اپنی کارکردگی میں تبدیلی لائیں ۔
آج کے اس پلے باٹا پروگرام کے دؤران ایم پی پی انورادھا رمیش، مواضعات کے سرپنچ کروا پدمماں، سما لتا، ایم پی ٹی سیز لونکا نیلو ، پروین پٹیل ، صدر پدیمول منڈل ٹی آرایس نارائن ریڈی ، سابق صدر کوہیر سرینواس کے علاوہ ٹی آرایس پارٹی قائدین مرلی کرشنا ، نرسی ریڈی، گوپال ریڈی، موگلپہ کے علاوہ دیگر موجو دتھے ۔