وزیر تعلیم سبیتا اندراریڈی کی موضع نیدنورکے اسکول میں شب بسری

ریاستی خبریں

وزیر تعلیم سبیتا اندراریڈی کی موضع نیدنورکے اسکول میں شب بسری

رنگاریڈی۔8۔فروری(سحرنیوزڈاٹ کام) پلّے ندرا (موضع میں نیند) پروگرام کے حصہ کے تحت ریاستی وزیر تعلیم مسز پی۔ سبیتا اندرا ریڈی گزشتہ ماہ سے ہر پیر کے دن ضلع رنگاریڈی کے مختلف مواضعات کا دورہ کرتے ہوئے مواضعات کی ترقی کا جائزہ لے رہی ہیں اور اس رات مواضعات کے سرکاری اسکولس میں ہی شب بسری کررہی ہیں ۔

اسی کے تحت آج چوتھی مرتبہ شام دیر گئے وزیر تعلیم مسز پی۔ سبیتا اندرا ریڈی ضلع رنگاریڈی کے کندکور منڈل کے موضع نیدنور پہنچیں اس موقع پر وزیر تعلیم نے موضع نیدنور کا پیدل دورہ کرتے ہوئے عوام سے راست ملاقات کی اور ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی وزیر تعلیم پی۔ سبیتا اندراریڈی نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلیٰ کے سی آر کی جانب سے آغاز کردہ پلے پرگتی(موضع کی ترقی) پروگرام کے بعد سے مواضعات کی زبردست ترقی ہورہی ہے وزیر تعلیم نے اپنے دورہ کے موقع پر عوام سے سرکاری عہدیداروں کی کارکردگی سے متعلق تفصیلات حاصل کیں.

وزیر تعلیم نے عوام سے ملاقات کے دوران کہا کہ کورونا کی وباء کے دؤران مالی بحران کے باؤجود آسرا اسکیم کے تحت ماہانہ وظائف کی اجرائی ،کلیانہ لکشمی ، شادی مبارک اور دیگر اسکیمات پر بلاء کسی رُکاوٹ عمل آوری وزیر اعلیٰ کے سی آر کا ہی کارنامہ ہے انہوں نے کہا کہ درمیانی افراد کے بغیر حکومت کی تمام اسکیمات کے فوائد عوام تک سیدھے پہنچانے میں ریاست تلنگانہ اول مقام رکھتی ہے ۔

وزیر تعلیم مسز پی۔ سبیتا اندراریڈی نے کہا کہ پلے پرگتی پروگرام کے تحت ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کیلئے ماہانہ بلاء ناغہ فنڈس کی اجرائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔انہوں نے انکشاف کیا کہ موضع نیندنور کے 1967 کسانوں کے بینک کھاتوں میں رعیتو بندھو اسکیم کے تحت 12 کروڑ ، 61 لاکھ 94 ہزار روپئے پہنچادئیے گئے ہیںاسی طرح رعیتو بیمہ اسکیم کے تحت 13 کسانوں کے افراد خاندان کو 65 لاکھ روپئے منظور کیے جاچکے ہیں.

اسی طرح وزیر تعلیم نے مختلف اسکیمات کے تحت اس موضع کو منظورہ کروڑہا روپئے کی تفصیلات سے واقف کروایا اور کہا کہ اب تک اس موضع کو 20کروڑروپئے مختلف اسکیمات کے تحت منظور کیے گئے ہیں ۔

قبل ازیں ریاستی وزیر تعلیم مسز پی۔ سبیتا اندرا ریڈی نے بازار کا بھی دؤرہ کرتے ہوئے چھوٹے بیوپاریوں سے ملاقات کی اور انہیں درپیش مسائل سے واقفیت حاصل کی۔

بعدازاں وزیر تعلیم نے موضع کے عوام کیساتھ رات کا کھانا کھایا اور موضع کے ہی سرکاری اسکول میں شب بسری کررہی ہیں ۔ اس موقع پر صدر نشین ضلع پریشد رنگاریڈی انیتا ریڈی ، صدر نشین ضلع لائبرریزپانڈورنگاریڈی ، رکن ضلع پریشد جنگاریڈی ،سرپنچ راما کرشنا ریڈی کے علاوہ متعلقہ محکمہ جات کے عہدیدار موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے