عادل آبا د میں وزیر اعظم مودی کی تصویر نذرآتش کرنے کی کوشش ناکام
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف عادل آباد میں کانگریس کا زبردست احتجاج
تلنگانہ/عادل آباد۔2/فروری(سحرنیوزڈاٹ کام) بی جے پی دورحکومت میں ملک میں دن بہ دن پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کے خلاف آج عادل آباد میں کانگریس پارٹی کی جانب سے زبردست احتجا ج کیا گیا ۔رکن آل انڈیا کانگریس کمیٹی محترمہ جی۔ سجاتا اورانچارج کانگریس کانگریس ضلع عادل آباد جناب ساجد خان کی قیادت میں مرکزی حکومت کے خلاف زبردست احتجاج منظم کیا گیا۔
جدید بس اسٹانڈ سے این ٹی آر چوک تک آٹو ریالی نکالی گئی جس میں مرکزی حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ پٹرولیم اشیاء کی بڑھتی قیمتوں پر روک لگانے اور ان میں کمی کرنے کامطالبہ کیا ۔
اس احتجاج کے دؤران برہم احتجاجیوں نے این ٹی آر چوک پر وزیراعظم نریندر مودی کی تصویر کو نذر آتش کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے مدخلت کرتے ہوئے اسے ناکام بنادیا۔
اس موقع پر کانگریسی قائدین محترمہ جی۔ سجاتا اورجناب ساجد خان نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں سے عوام کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔”انہوں نے کہا کہ آج جو ملک میں پٹرول، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتیں ہیں وہ ایک ریکارڈ ہے جس کے باعث تمام طبقات پریشانیوں کا شکار ہیں۔
ان کانگریسی قائدین نے کہا کہ پٹرولیم اشیاء کیساتھ ساتھ ملک میں تمام اشیائے ضروریہ کی آسمان چھوتی قیمتوں سے بالخصوص متوسط اور غریب طبقہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے کیونکہ پہلے ہی گزشتہ سال کورونا وائرس کے آغاز کے بعد سماج کا ہر طبقہ معاشی بحران سے گزررہا ہے ،کاروبار تباہ ہوگئے ہیں اوراپنی ملازمتوں سے یہ طبقہ محروم ہوتا جارہا ہے۔ایسے میں مرکزی حکومت کی جانب سے پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں دن بہ دن بے دریغ اضافہ کے باعث لازمی طورپر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی مزید اضافہ ہوگا جس سے متوسط اور غریب طبقہ پر مزید مالی بوجھ عائد ہوگا ۔
رکن آل انڈیا کانگریس کمیٹی محترمہ جی۔ سجاتا اورانچارج کانگریس کانگریس ضلع عادل آباد جناب ساجد خان نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں پر لگام کسی جائے اور ساتھ ہی انکی قیمتوں میں کمی کی جائے ۔