تانڈور کی ابتر سڑکوں کی مرمت کا مطالبہ، حادثہ میں ہلاک ٹیچر کو شردھانجلی
تانڈور۔9۔فروری (سحر نیوز بیورو) گزشتہ دنوں چنچولی روڈ پر کرنکوٹ پولیس اسٹیشن کے قریب لاری کی ٹکر سے جنگورتی تانڈہ کے سرکاری اسکول کے ٹیچر گنڈپا ہلاک ہوگئے تھے اس واقعہ کے بعد آج ٹیچرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے کرنکوٹ پولیس اسٹیشن پہنچ کر سب انسپکٹر پولیس ایڈوکونڈالو سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت حوالے کی
اور مطالبہ کیا کہ تانڈور منڈل کی گوتاپور روڈ ،چنچولی روڈ اور کرنکوٹ روڈ کی انتہائی خراب حالت میں موجو د سڑکوں کی فوری طور پر مرمت کرتے ہوئے ان اہم سڑکوں پر موجود گڑھوں کو پُر کیا جائے۔
ٹیچرس جے اے سی قائدین مہلوک ٹیچر ساتھی گنڈپا کی تصویر والے بیانر کیساتھ پولیس اسٹیشن پہنچے تھے اور وہیں گنڈپا کو ان کی جانب سے شردھانجلی پیش کی گئی ۔
بعد ازاں یہ تمام پیدل اس مقام پر پہنچے جہاں لاری کی ٹکر سے ٹیچر گنڈپا کی موت واقع ہوئی تھی اوراس مقام پر دو منٹ کی خاموشی منائی ۔اس موقع پر جے اے سی قائدین نے بات کرتے ہوئے سرینواس اور نارائن گوڑ نے سڑک حادثہ میں موگلپہ کی موت کو افسوسنا ک قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حکومت کی جانب سے سڑکوں پر فوری طور پر گڑھوں کو پُر کرنے والے گینگ مینوں کی خدمات کو ہٹادینے کے باعث سڑکوں کی حالت بدتر ہوگئی ہے۔ا
نہوں نے کہا کہ حالت نشہ میں اور تیز رفتار گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف کارروائی نہیں کی جارہی ہے اور ساتھ ہی سڑکوں کے کنارے بے ترتیب گاڑیوں کی پارکنگ کے باعث آئے دن ہونے والے حادثات میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہورہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خراب سڑک کے باعث ہی ہوئے حادثہ میں ٹیچر گنڈپا کی ہلاکت ہوئی ہے ۔ان ٹیچر جے اے قائدین نے مطالبہ کیا کہ مزید حادثات کو روکنے کے لیے ان سڑکوں کی مرمت انتہائی ضروری ہے اور فوری طورپر سڑکوں کی مرمت کا آغاز کیا جائے ۔
ٹیچرس جے اے سی کے قائدین منوہر ،جئے پال ریڈی ، نا گپا، مرتنجئے سوامی ، نرسی ریڈی اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔