ہمت ہے تو مجھے حجاب کے ساتھ اسمبلی میں جانے سے روک کر بتائیں ،رکن اسمبلی گلبرگہ محترمہ کنیز فاطمہ کا چیلنج،گلبرگہ میں احتجاج

” ہمت ہے تو مجھے حجاب کے ساتھ ریاستی اسمبلی میں جانے سے روک کر بتائیں”
رکن اسمبلی گلبرگہ محترمہ کنیز فاطمہ کا چیلنج،کرناٹک میں جاری مخالف حجاب مہم کی مذمت
جاریہ حجاب مخالف مہم کے خلاف گلبرگہ میں کانگریس کا زبردست احتجاج

گلبرگہ: 05۔فروری(سحرنیوزڈاٹ کام)

جنوبی کرناٹک کے اضلاع اڑپی اور چکمگلور کے علاوہ دیگر مقامات پر سرکاری اور خانگی کالجس میں مسلم لڑکیوں کے حجاب پہن کر کالج آنے کے خلاف شروع کی گئی مذموم مہم کے خلاف آج گلبرگہ (کلبرگی) کی منی ودھان سودھا (اسمبلی) کے روبرو موجود ڈپٹی کمشنر کے دفتر پر رکن اسمبلی گلبرگہ (شمال) محترمہ کنیز فاطمہ کی قیادت میں زبردست احتجاج منظم کیا گیا۔

جس میں مختلف تنظیموں کے نمائندوں،کانگریسی قائدین، برقعہ پوش خواتین اور نوجوانوں کی کثیر تعداد نے حصہ لیتے ہوئے احتجاج منظم کیا اور جنوبی کرناٹک کے اضلاع میں مسلم لڑکیوں کے حجاب کے خلاف جاری مہم کو شرپسندانہ حرکت بتاتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعہ مسلم طالبات کو اسکولوں اور کالجوں کو آنے سے روکا جارہا ہے اور یہ ایک سازش کے تحت مہم چلائی جارہی ہے جسے کسی بھی حال برداشت نہیں کیا جائے گا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر کو ایک میمورنڈم بھی حوالے کیا گیا۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے رکن اسمبلی گلبرگہ (شمال) محترمہ کنیز فاطمہ (جو کہ  گلبرگہ اور کرناٹک کی نامورشخصیت جناب قمرالاسلام مرحوم کی اہلیہ محترمہ ہیں) نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کرناٹک کے مختلف مقامات پر اسکولوں اور کالجوں میں جاری مخالف حجاب مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ بحیثیت رکن اسمبلی گزشتہ ساڑھے تین سال سے حجاب پہن کر ہی ریاستی اسمبلی میں داخل ہوتی ہیں۔اس موقع پر رکن اسمبلی گلبرگہ (شمال) محترمہ کنیز فاطمہ نے چیلنج کیا کہ”اگر ہمت ہے تو انہیں حجاب کے ساتھ ریاستی اسمبلی میں داخل ہونے سے روک کر دکھائیں”۔

انہوں نے کہا کہ آپ زعفران کلر پہنیں یا کالا کلر استعمال کریں ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔لیکن ہمارا جو حجاب یا برقعہ پہننے کا حق ہے اسے روکنے کا آپ کو اختیار نہیں ہے۔کیونکہ معمار دستور بابا صاحب امبیڈکر کے بنائے گئے اس ملک کے دستور میں سب کو آزادی دی گئی ہے۔

رکن اسمبلی گلبرگہ (شمال) محترمہ کنیز فاطمہ نے کہا کہ 8 فروری کو ریاستی ہائی کورٹ میں اس معاملہ کی سماعت ہونی ہے اور ہمیں عدالت اور اس ملک کے قانون پر پورا یقین ہے کہ فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا۔جاریہ حجاب مخالف مہم کے خلاف اپنی جانب سے بھی احتجاج کو مزید تیز  کرنے کا رکن اسمبلی گلبرگہ (شمال) محترمہ کنیز فاطمہ نے اعلان بھی کیا۔