بلدیہ تانڈور کے صدر اور نائب صدر کی حیثیت سے نیرجا بال ریڈی اور عبدالرزاق کا انتخاب! کل 16 فروری کو حلف برداری

بلدیہ تانڈور کے صدر    اورنائب صدر کی حیثیت سے
نیرجا بال ریڈی اور عبدالرزاق کا انتخاب! کل 16فروری کو حلف برداری
رکن اسمبلی بویانی منوہر ریڈی کی ہری جھنڈی ،نومنتخب ارکان بلدیہ بھی حلف لیں گے

وقارآباد/تانڈور: 15۔فروری
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

 

کانگریس پارٹی کی جانب سے صدرنشین بلدیہ تانڈور کی حیثیت سے پٹلولا نیرجا بال ریڈی اور نائب صدرنشین بلدیہ کے طور پر عبدالرزاق کا انتخاب کیا گیاہے۔جو کہ کل 16فروری، بروز پیر،11 بجے دن دفتر بلدیہ تانڈور کے میٹنگ ہال میں اپنے عہدوں کاحلف لیں گے۔تاہم اس سلسلہ میں کانگریس پارٹی کی جانب سے باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا ہے!
بلدی عہدیداروں کے مطابق تقریب حلف برداری کے لیے تمام تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔ ڈی آر او منگی لال کی نگرانی میں نومنتخب ارکان بلدیہ کی حلف برداری تقریب کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔
پہلے تمام 36 نومنتخب ارکان بلدیہ کو عہدہ رازداری کا حلف دلایا جائے گا۔ بعدازاں ارکان بلدیہ چیئر پرسن اور وائس چیئرمین کا انتخاب اپنے ہاتھ اٹھا کر کریں گے۔اس تقریب حلف برداری میں رکن اسمبلی تانڈور بویانی منوہر ریڈی بھی ایکس افیشیا کے طور پر اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے۔
یاد رہے کہ حالیہ بلدی انتخابات میں 36 رکنی بلدیہ تانڈور میں کانگریس پارٹی نے شاندار مظاہرہ کرتےہوئے 19 امیدواروں کی کامیابی کیساتھ صدر اور نائب صدرنشین بلدیہ کے عہدوں کے حصول کے لیے درکار جادوئی ہندسہ حاصل کرلیا تھا۔جبکہ بی آر ایس نے 12، بی جے پی نے تین، مجلس نے ایک اور زینت بیگم زوجہ سابق نائب صدر بلدیہ سید ساجد علی) نے بحیثیت آزاد امیدوار کامیابی حاصل کی تھی۔
اب جبکہ کل 16فروری کو صدرنشین اور نائب صدر نشین بلدیہ تانڈور کے عہدوں کی حلف برداری کی تاریخ طئے کی گئی ہے تو کانگریس کے قریبی ذرائع کے بموجب کانگریس پارٹی نے بلدی حلقہ 12 سے مسلسل تیسری مرتبہ ہیٹ ٹرک کرچکیں پٹلولا نیرجا بال ریڈی کا بحیثیت صدرنشین بلدیہ تانڈور اور بلدی حلقہ 29 سے لگاتار تیسری مرتبہ منتخب ہونے والے عبدالرزاق کا بحیثیت نائب صدر نشین بلدیہ انتخاب کیا ہے۔!!اس سلسلہ میں رکن اسمبلی تانڈور بویانی منوہر ریڈی نے بھی ان دونوں ناموں کو منظوری دے دی ہے۔!
یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ 2014ء میں علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد سے بلدیہ تانڈور کی صدارت کا عہدہ خاتون کے لیے مختص تھا۔ جس کے باعث اس عہدہ پر خواتین ہی فائز ہوتی آئیں،جن میں کوٹریکا وجئے لکشمی وینکٹیا (ٹی آر ایس 2014 تا 2017)،سنیتا سمپت(کانگریس 2017 تا 2020ء)، تاٹی کونڈا سوپنا پریمل( ٹی آر ایس 2020 تا 2025) شامل ہیں۔
2026ء  کے بلدی انتخابات میں صدرنشین بلدیہ تانڈور کا عہدہ بی سی جنرل کے لئے مختص کیا گیا ہے، تاہم 2026ء میں بھی اس عہدہ کا قرعہ فال خاتون کے نام ہی نکلا ہے۔جبکہ 2014ء سے نائب صدرنشین بلدیہ کے عہدہ پر سید ساجد علی (مجلس) اور محمد آصف کے بعد عبدالرزاق تیسرے مسلم نائب صدرنشین بلدیہ تانڈور ہونگے۔
" یہ بھی پڑھیں "

تانڈور کے بلدی انتخابات میں 19 وارڈس پر کامیابی کیساتھ کانگریس کی شاندار کامیابی، بی آر ایس کو 12 نشستوں پر کامیابی حاصل

تلنگانہ میں بھی اب فوڈ جہاد! میڈارم جاترا میں کھویا بن بیچنے والے شاہ ولی کو یوٹیوب چینل کی شدید ہراسانی، ہر طرف سے مذمت