تانڈور میں سیلابی پانی کا مسئلہ حل کرنے کے لیے فوری ایکشن پلان تیار کیا جائے، نالوں پر سے قبضے برخاست کیے جائیں: رکن اسمبلی

تانڈور میں سیلابی پانی کا مسئلہ حل کرنے کے لیے فوری ایکشن پلان تیار کیا جائے
نالوں پر سے ناجائز قبضے برخاست کیے جائیں، جائزہ اجلاس میں رکن اسمبلی منوہر ریڈی کی ہدایت

وقارآباد/تانڈور: 01؍جولائی
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

وقارآباد ضلع کے تانڈور ٹاؤن میں کل اتوار، 30 جون کی شام ایک گھنٹے تک ہونے والی مانسون کی پہلی تیز و دھواں دھار بارش سے جہاں گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی وہیں تانڈور کےشانتی نگر، بھدریشور چوک،شاہی پور روڈ، قدیم تانڈور، گولہ چیروؤ کے بشمول کئی نشیبی علاقے اور اہم سڑکیں زیر آب آگئی تھیں۔

مختلف سڑکوں پر اور ان میں مؤجود گڑھوں میں ٹھہرا ہوا پانی کا ذخیرہ اور ڈرینس و موریوں سے ابلنے والی غلاظت سےعوام کو شدیدمشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔جبکہ تانڈور۔حیدرآباد اہم روڈ ہر سال کی طرح سیلابی پانی سے لبریز ہوگئی تھی۔یہ علاقہ مکمل طور پر پانی میں محصور ہوگیا تھا اس وسیع سڑک اور بلند روڈ ڈیوائیڈر کے اوپر سے ٹھاٹھیں مارتے ہوئے سیلابی پانی میں سے رات 10؍بجے تک بھی گاڑیوں کو گزرتا ہوا دیکھا گیا۔اس کی وجہ سے بالخصوص موٹرسیکل راں اور آٹو رکشاء ڈرائیورس کو شدید دشواریاں پیش آئیں۔

ان حالات کےفوری بعد رکن اسمبلی تانڈور بویانی منوہر ریڈی نے آج تانڈور کےایم ایل اے کیمپ آفس میں ایک جائزہ اجلاس طلب کیا جس میں صدرنشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل،کمشنر بلدیہ تانڈوروکرم سمہا ریڈی، ڈی ایس پی تانڈور کے۔بالا کرشنا ریڈی،محکمہ آر اینڈ بی اور محکمہ مال کے عہدیداروں کے علاوہ منتخب عوامی نمائندے شریک تھے۔

اس اجلاس میں رکن اسمبلی تانڈور بویانی منوہر ریڈی نے کل اتوار کے دن ہونےوالی بارش سے تانڈور کے کئی علاقوں میں سیلابی پانی اور اس کی عدم نکاسی کے باعث عوام کو ہونےوالی مشکلات پر تشویش اور تاسف کا اظہار کیا۔انہوں نے ہدایت دی کہ تانڈور کےمختلف مقامات پر سیلابی پانی کے باعث عوام کو درپیش مسئلہ کے حل کے لیے فوری ایکشن پلان تیار کیا جائے۔

رکن اسمبلی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تانڈور کے مختلف مقامات پر نالوں پر ہوئے قبضوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان قبضوں کو فوری برخاست کیا جائے ۔ساتھ ہی رکن اسمبلی نے بلدیہ،محکمہ آراینڈ بی،محکمہ مال کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کسی کے بھی سیاسی دباو میں نہ آئیں اور قبضوں کی برخواستگی کو یقینی بنائیں۔رکن اسمبلی نے عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کیں کہ ان علاقوں میں آئندہ سیلابی پانی اور پانی کے ذخیرہ سے ہونے والی مشکلات کے سدباب کے لیے فوری طور پر کیا اقدامات کیے جائیں۔

بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رکن اسمبلی تانڈور بویانی منوہر ریڈی نے کہاکہ تانڈور میں موجود 20؍سالہ قدیم ڈرینج سسٹم کے باعث یہ حالات پیدا ہوئے ہیں انہوں نے کہاکہ اس کے ساتھ نالوں پر قبضے بھی اس کی ایک وجہ ہیں۔رکن اسمبلی نے کہا کہ سیلابی پانی سے شہر یوں کو محفوظ رکھنےٍ کےلیے ہنگامی اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ فوری طور پر نالوں پر ہوئے قبضوں کو برخاست کیا جائے اور اس کے لیے عوامی نمائندے اور عوام عہدیداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

رکن اسمبلی بویانی منوہر ریڈی نے کہا کہ تانڈور میں موجود پتھر کی صنعت سے نکلنے والا سدہ اور پتھر کے ٹکڑے بھی ڈرینج اور نالوں میں پھنس جانے کے باعث بھی برسات کے بعد پانی کے گزرنے میں رکاوٹ ہو رہی ہے اور اس کے لیے پتھر کی صنعت کے مالکین کو ہدایت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ تانڈور کے چلکا واگو کی ترقی کے لیے 16 کروڑ روپئے منظور کیے گئے ہیں۔

رکن اسمبلی نے اعلان کیا کہ سیلابی پانی اور نشیبی علاقوں میں پانی کے ذخیرہ کو روکنے کی غرض سے جنگی سطح پر کام کیے جائیں گےتاکہ مانسون کےسیزن میں عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ان کاموں کی انجام دہی کے لیے کسی بھی دباو کو قبول نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ عوامی خواہشات کے مطابق ترقی کے لیے پابند عہد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ولیم مون اسکول چوراہا سے حیدرآباد روڈ پرموجود ناکارہ لائٹس کو دوبارہ بحال کیا جائے گا۔اس جائزہ اجلاس میں سینئر کانگریس پارٹی قائدین داراسنگھ،عبدالرؤف،صدر تانڈور ٹاؤن کانگریس سیدحبیب لالہ،ارکان بلدیہ وجیہ دیوی،نیرجا بال ریڈی،پربھاکر گوڑ،ساہو شری لتا، رامو، انور خان کے علاوہ بلدیہ، محکمہ آر اینڈ بی اور محکمہ مال کے عہدیدار شریک تھے۔

یہ بھی پڑھیں "

تین نئے فوجداری قوانین کے تحت تانڈور میں دو کیس درج، سرکل انسپکٹر پولیس کا انکشاف، وقارآباد ضلع میں پہلا واقعہ

Heavy Rain In Tandur, Vikarabad District

 

Flood Water On Tandur – Hyderabad Road After Heavy Rain On Sunday Evening