تانڈور کی ترقی کے لیے خصوصی فنڈس، تمام بلدی حلقوں کی مساوی ترقی کے اقدامات
بلدیہ تانڈور کا بجٹ اجلاس، رکن اسمبلی منوہر ریڈی کا تیقن، 65.39 کروڑ کا تخمینی بجٹ منظور
وقارآباد/تانڈور۔19؍فروری
(سحر نیوز ڈاٹ کام)
رکن اسمبلی تانڈور بویانی منوہر ریڈی نے اعلان کیا ہے کہ تانڈور کی ترقی کے لیے خصوصی فنڈس مختص کیے جائیں گے اور تانڈور کے تمام 36 بلدی حلقہ جات کی مساوی اور یکساں ترقی کے لیے فنڈس صرف کیے جائیں گے۔انہوں نے آج صدر نشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل کی زیر صدارت میں منعقدہ بلدیہ تانڈور کے سالانہ بجٹ برائے 2024-2025 کے اجلاس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔
بلدیہ کے سالانہ بجٹ اجلاس میں شرکت کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی نے بتایا کہ بجٹ کا آغاز 5 کروڑ 18 لاکھ روپئے سلک رقم کے ساتھ سال 2024-2025 میں بلدیہ کو 25 کروڑ 64 لاکھ روپئےمختلف محاصل کے ذریعہ حاصل ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔جبکہ دیگر ذرائع کو ملاکر جملہ 65 کروڑ 39 لاکھ پر مشتمل بجٹ پیش کیا گیا جسے تمام اراکان بلدیہ نے منظوری دی۔
رکن اسمبلی بویانی منوہر ریڈی نے بتایا کہ ٹیبل بجٹ کے حساب سے بلدیہ میں موجود4کروڑ روپئے کے فنڈ میں سے فی بلدی حلقہ 10لاکھ روپئے جاری کیے جائیں گے۔اسی طرح انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی کے فنڈ سے مزید 4کروڑ روپئے جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان چار کروڑ روپئے سے ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کے لیے منصوبہ تیار کرنے کی انہوں نے بلدی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔
رکن اسمبلی بویانی منوہر ریڈی نے بتایا کہ بلدیہ کے کسی بھی حلقہ میں ہنگامی حالات میں کاموں کی انجام دہی کے لیے 50 لاکھ روپئے تک کے کاموں کی انجام دہی کے اختیارات صدر نشین بلدیہ کو تفویض کیے گئے ہیں۔انہوں نے تمام ارکان بلدیہ کو مشورہ دیا کہ وہ سیاسی وابستگیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے شہر تانڈور کی ترقی میں تعاون کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے ارکان بلدیہ اور عہدیداروں سے کہا کہ عوام کو جوابدہی کے عنصر کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیں۔ارکان بلدیہ اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ گرماء کے پیش تمام بلدی حلقوں میں پینے کے پانی کی باآسانی فراہمی اور عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنائیں۔
بلدیہ کے اس بجٹ اجلاس میں کمشنر وکرم سمہا ریڈی،نائب صدر نشین بلدیہ پٹلولا دیپا نرسملو،ارکان بلدیہ سید ساجد علی،عبدالرزاق، محمد آصف، محمد مختا احمد ناز،سوما شیکھر، سید ہ سلمی فاطمہ، وجیہ دیوی، پی اے بومبینا، معراج فاطمہ، آفرین جویریہ، رتنا مالا،نیرجا بال ریڈی، مدھو بالا، ایرم وسنتا،ساہو شری لتا، پوجا،سنگیتا ٹھاکر،سندھوجا گوڑ، لاونیا، ممتا،سرینواس ریڈی، پربھاکر گوڑ، بویا روی، وینکناگوڑ، اشونی گنڈپا، راگھویندر،بھیم سنگھ راتھوڑ،بالپا، معاون ارکان بلدیہ عبدالقوی اور وینکٹ رام نائیک،مینیجر بلدیہ نریندر ریڈی ڈی ای ای خواجہ حسین اور دیگر شریک تھے۔
” یہ بھی پڑھیں "

