وقارآباد ضلع کی چاروں بلدیات پر کانگریس کا قبضہ
چاروں بلدیات پر خاتون صدور نشین کا انتخاب

وقارآباد/تانڈور: 16۔فروری
(سحرنیوزڈاٹ کام )
وقارآباد ضلع میں موجود چار بلدیات وقارآباد، تانڈور، پرگی اور کوڑنگل میں کانگریس کے صدورنشین اور نائب صدورنشین بلدیہ نے آج 16 فروری کو منعقدہ تقریب حلف برداری میں اپنے عہدہ رازداری کا حلف لیا۔یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ کانگریس کی جانب سے ان چاروں بلدیات میں صدرنشین بلدیہ کے عہدوں کے لیےخواتین کا انتخاب کیا گیا ہے۔
یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگاکہ 2023 میں منعقدہ تلنگانہ اسمبلی کے انتخابات کے موقع پر بھی ضلع کے چاروں اسمبلی حلقہ جات وقارآباد، تانڈور، پرگی اور کوڑنگل سے کانگریسی امیدواروں نے ہی کامیابی حاصل کی تھی،ضلع کے حلقہ اسمبلی کوڑنگل سے منتخب ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کا عہدہ حاصل کیا تو وقارآباد اسمبلی حلقہ سے کامیاب ہونے والے گڈم پرساد کمار تلنگانہ اسمبلی کے اسپیکر بنائے گئے۔
اب عوام کو امید ہے کہ جب پورے ضلع میں بلدیہ سے لے کر اسمبلی تک کانگریس اقتدار پر ہے تو وقارآباد ضلع کی ترقی کے امکانات زیادہ ہوگئے ہیں،کیونکہ وقارآبادضلع برسوں سے ہر معاملہ میں پسماندگی کا شکارہے۔
آج ان چاروں بلدیات میں نومنتخب ارکان بلدیہ،صدور اور نائب صدور بلدیہ کا انتخاب عمل میں آیا اور انہیں عہدہ رازداری کا حلف دلایا گیا۔
بلدیہ وقارآباد میں اسپیکرتلنگانہ اسمبلی گڈم پرساد کمار کی دختر اننیا نے بحیثیت صدر نشین بلدیہ وقارآباد اپنے عہدہ کا حلف لیاجو کہ کم عمر صدرنشین بلدیہ ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔جبکہ سدھاکر ریڈی نائب صدر منتخب کرلیےگئے۔

اسی طرح دفتر بلدیہ تانڈور میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں ڈی آر او مانگی لال نے نومنتخب 35 ارکان بلدیہ کو ان کے عہدوں کا حلف دلایا جبکہ بلدی حلقہ 25 سے منتخب نصیرا بانو (بی آر ایس ) حلف لینے نہیں پہنچیں جن کے شوہر کا ووٹوں کی گنتی کے دن ہی انتقال ہوا تھا۔
بعدازاں کانگریس کے پٹلولا نیرجابال ریڈی نے صدرنشین اور عبدالرزاق نے نائب صدرنشین بلدیہ تانڈور کی حیثیت سے اپنے عہدوں کا حلف لیا۔یاد رہے کہ 36 رکنی بلدیہ تانڈور کے لیے کانگریس کے 19،بی آرایس کے 12، بی جے پی کے تین،مجلس کے ایک اور ایک خاتون آزاد امیدوارکامیاب ہوئے ہیں ۔اس تقریب حلف برداری میں رکن اسمبلی تانڈور بویانی منوہر ریڈی بھی شریک تھے۔
اپنے عہدوں کاحلف لینے کے بعد بی آر ایس کے ارکان بلدیہ صدر اور نائب صدر بلدیہ کی حلف برداری سے قبل واک آوٹ کرتے ہوئے تقریب سے روانہ ہوگئے۔بعدازاں سابق نائب صدرنشین و نومنتخب رکن بلدیہ دیپا نرسملو نے بتایا کہ سابق رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی اور بی آر ایس قائدین کے خلاف تانڈور پولیس کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے گذشتہ رات سابق رکن اسمبلی کو گرفتار کرنے حیدرآباد میں واقع ان کے مکان پہنچی تھی اس لیے انہوں نے واک آوٹ کیا ہے۔

تقریب حلف برداری کے بعد نومنتخب صدرنشین بلدیہ تانڈور پٹلولا نیرجا بال ریڈی اور نائب صدرنشین بلدیہ عبدالرزاق نے اس عزم کا اظہار کیا ہےکہ وہ تمام کے تعاون سے تانڈور کے تمام بلدی حلقوں کی ترقی کو یقینی بنائیں گے اورعوام کو بہتر بلدی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

رکن اسمبلی بویانی منوہر ریڈی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بلاء کسی سیاسی تفریق تانڈور کے تمام بلدی حلقوں کی یکساں ترقی کو یقینی بنایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پارٹی اور جھنڈے صرف انتخابات کے وقت تک ہی ہوتے ہیں اس کے بعد تانڈور کی ترقی کے لیے تمام کا تعاون درکار ہے رکن اسمبلی نے کہاکہ ہمیشہ تمام ارکان بلدیہ کو ان کا تعاون حاصل رہے گا۔

دوسری جانب ضلع کی 18 رکنی بلدیہ پرگی میں کانگریس اور بی آر ایس کو 8,8 بلدی حلقوں میں کامیابی حاصل ہوئی تھی اور دو آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے تھے۔ دو دن کے سیاسی ڈرامہ کے بعد آج ایک آزاد امیدوار مڈاوت ہنمنتو کی تائید سے کانگریس نے صدرنشین بلدیہ کے عہدہ پر اپنا قبضہ کرلیا اور رجیتا نے بحیثیت صدرنشین بلدیہ پرگی اپنے عہدہ کا حلف لیا، وہیں کانگریس کی تائید کرنے والے آزاد امیدوار مڈاوت ہنمنتو کو نائب صدر بلدیہ منتخب کرلیا گیا۔
وہیں چیف منسٹر ریونت ریڈی کے اسمبلی حلقہ کوڑنگل کی 12 رکنی بلدیہ کے لیے کانگریس کے این۔پرشانت نے صدر اور نائب صدر کی حیثیت سے شنکر نائیک نے اپنے عہدوں کا حلف لیا۔جہاں کانگریس کے 10 امیدواروں نےکامیابی حاصل کی تھی۔ اس طرح وقارآباد ضلع کی چاروں بلدیات پر کانگریس نے قبضہ کرلیا۔
ضلع وقارآباد کے عوام اب پُرامید ہیں کہ اننت گیری ہلز کوعصری سہولتوں سے لیس سیاحتی مقام کے طور پر ترقی، ضلع میں تعلیمی اداروں کا قیام، موجودہ سرکاری اسکولوں، کالجوں اور ہاسٹلوں کے مسائل کے حل، ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے، سڑکوں کی حالت درست کرنے اور بلدی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔!!
" یہ بھی پڑھیں "

