میانمار میں فوجی بغاوت ، آنگ سان سوچی گرفتار
فوج نے ملک کا کنٹرول سنبھال لیا، امریکہ نے کیا متنبہ
ینگون : یکم ۔فروری (ایجنسیاں/سحرنیوزڈاٹ کام ) میانمار میں فوج نے بغاوت کرتے ہوئے ملک کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اوربرسر اقتدار نیشنل لیگ آف ڈیموکریسی کی رہنما آنگ سان سوچی سمیت دیگر برسر اقتدار رہنماؤں کو گرفتار کرلیا ہے۔ٹی وی پر میانمار کی فوج نے تصدیق کردی کہ ملک میں ایک سال کیلئے ایمرجنسی کا نفاذ ہوگا۔

متنازعہ انتخابی نتائج کے بعد سیول حکومت اور فوج کے درمیان کشیدگی کے بعد فوج نے یہ اقدام کرتے ہوئے میانمار کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔فوج نے اعلان کیا ہے کہ فوج کے کمانڈر ان چیف آنگ بلائنگ کو ملک کے تما م اختیارات سونپے جارہے ہیں ۔فوج کی اس بغاو ت کے بعد میانمار بینکس اسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ میانمار میں موجود تمام بینک بند کردیئے گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق میانمار میں آج صبح 3 بجے سے انٹرنیٹ اور مواصلاتی رابطوں میں خلل پیدا ہونا شروع ہو گیا ، ینگون شہر میں فوج نے سٹی ہال کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، سٹی ہال میں کئی فوجی ٹر ک دیکھے گئے ہیں۔
میانمار میں فوجی بغاوت کے اعلان کے بعد امریکہ اور آسٹریلیا نے منتخب رہنماؤں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے،وہیں امریکہ نے میانمار کو ممکنہ رد عمل سے خبردار بھی کیا ہے ۔وائٹ ہاؤس کے ترجمان جین پساکی نے کہا ہے کہ اگر اٹھائے گئے اقدامات واپس نہ لیے گئے تو امریکہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے گا۔
یاد رہیکہ فوج نے انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے متنبہ کیا تھا کہ اگر گزشتہ سال منعقدہ انتخابات میں کی گئیں دھاندلیوں کا معاملہ حل نہیں کیا گیا توفوج میانمار کا کنٹرول فوج سنبھال لے گی۔واضح رہے کہ آنگ سان سوچی نے گزشتہ سال ہونے والے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق انتخابات میں کامیاب ہونے والی نیشنل لیگ آف ڈیموکریسی پارٹی کے ترجمان مئیونیونٹ نے بھی تصدیق کی ہے کہ صدر سمیت حکمراں جماعت کے اہم رہنماؤں کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور ان کی بھی گرفتاری کا امکان ہے ۔ساتھ ہی انہوں نے میانمار کی عوام کو پیغام دیا ہے کہ وہ قانون کے تحت کام کریں اورکسی بھی ردعمل کے اظہار سے گریز کریں ۔