دس سال تک میں ہی سی ایم رہوں گا: کے سی آر 

ریاستی خبریں قومی خبریں

دس سال تک میں ہی سی ایم رہوں گا: کے سی آر 

حکومت کی کارکردگی ہی کامیابی کی ضامن، تلنگانہ بھون میں اجلاس سے سی ایم کا خطاب

حیدرآباد۔7۔فروری (سحرنیوزڈاٹ کام) ریاستی وزیر اعلیٰ کے۔ چندراشیکھر راؤ نے آج چونکادینے والا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دس سال تک وہی اس ریاست کے وزیراعلیٰ رہیں گے انہوں نے کہا کہ وہ مکمل طور پرصحتمند اور چاق و چوبند ہیں۔

ساتھ ہی وزیر اعلیٰ کے سی آر نے کہا کہ پارٹی میں غیر ضروری کوئی بھی اس سلسلہ میں بات نہ کرے وہیں وزیراعلیٰ نے یہ انتباہ بھی دیا کہ کوئی بھی متنازعہ بیانات نہ دے ورنہ انکے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے یہ ریمارک ان قیاس آرائیوں کے درمیان کیا ہے جس میں کہا جارہا ہے کہ آئندہ ماہ وزیر اعلیٰ کے سی آر وزیر اعلیٰ کا اپنا تاج اپنے فرزند ، کارگزارصدر تلنگانہ راشٹریہ سمیتی و ریاستی وزیر کے۔ تارک راما راؤ کے سر پر سجانے والے ہیں ۔

وزیر اعلیٰ کے سی آر آج ان کی صدارت میں تلنگانہ بھون میں منعقدہ پارٹی کی ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ ڈھائی گھنٹے تک چلنے والے اس اجلاس میں مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا اس اجلاس میں طئے کیا گیا کہ ماہ اپریل میں پارٹی کا ایک جلسہ عام منعقد کیا جائے گا جس میں 6 لاکھ افراد شرکت کریں گے۔

بتایا جاتا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے اس اجلاس میں کہا ہے کہ جس ضلع کے پارٹی قائدین جلسہ کے انعقاد کے لیے آگے آئیں گے جلسہ اسی ضلع کے کسی مقام پر منعقد کیا جائے گا۔

اس اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے سی آر نے اعلان کیا کہ 12 فروری سے ٹی آرایس پارٹی کی رکنیت سازی مہم کا آغاز کیا جائے گا انہوں نے کہا ہر اسمبلی حلقہ سے 50 ہزار افراد کو پارٹی رکن بنانا اُس حلقہ کے رکن اسمبلی کی ذمہ داری ہوگی۔ جبکہ یکم مارچ سے پارٹی کمیٹیاں بنائی جائیں گی۔

وزیر اعلیٰ کے سی آر نے اس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ہونے والے ایم ایل سی اور ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات میں ٹی آرایس پارٹی اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آرایس پارٹی کے مقابلہ میں کوئی اور پارٹی نہیں ہے اور حکومت کی بہترین کارکردگی سے عوام کو واقف کروایا جائے تو یہی پارٹی کی کامیابی کی ضامن ہے۔

اس اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے سی آر نے حالیہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے ٹی آرایس کے کارپوریٹرس کو ہدایت دی کہ وہ 11 فروری کو تلنگانہ بھون پہنچیں ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میئر اور ڈپٹی میئر کے نام کا فیصلہ لمحہ آخر میں کیا جائے گا اور مہربند لفافہ میں ان ناموں کو روانہ کیا جائے گا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے