تانڈور اسٹون مرچنٹس اور کواری اونرس اسوسی ایشن کے عہدیداروں کی تقریب حلف برداری، رکن اسمبلی منوہر ریڈی کا خطاب

تانڈور اسٹون مرچنٹس اور کواری اونرس اسوسی ایشن کے عہدیداروں کی تقریب حلف برداری
رکن اسمبلی منوہر ریڈی نے پتھر صنعت کی ترقی کے لیے تمامتر تعاون کا تیقن دیا

حیدرآباد/تانڈور: 29؍نومبر(سحر نیوز ڈاٹ  کام)

بویانی منوہر ریڈی رکن اسمبلی حلقہ تانڈور، وقارآبادضلع نے تیقن دیا  ہیکہ تانڈور میں موجود پتھر کی صنعت اور معدنیات کی ترقی اور مالکین و مزدوروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے وہ اپنا تمامتر تعاون دیں گے۔وہ گذشتہ شام تانڈور کے رائل کنونشن سنٹر میں منعقدہ تانڈور اسٹون مرچنٹس ویلفیئر اسوسی ایشن اور تانڈور منڈل کواری اونرس ویلفیئر اسوسی ایشن کے تین سالہ معیاد کے لیے بلاء مقابلہ نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کر رہے تھے۔

قبل ازیں بلاء مقابلہ منتخب صدر تانڈوراسٹون مرچنٹس ویلفیئر اسوسی ایشن ایم اے نعیم افو اور صدر تانڈور منڈل کواری اونرس ویلفیئر اسوسی ایشن عبدالرؤف کے علاوہ دونوں تنظیموں کے دیگر عہدیداروں کو الیکشن آفیسرس تپیا اور بسنپا نے انہیں عہدوں کا حلف دلایا۔

اس حلف برداری تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی بویانی منوہر ریڈی نے کہا کہ حلقہ اسمبلی تانڈور میں موجود پتھر کی صنعت سے ہزاروں افراد وابستہ ہیں جن میں مالکین اور مزدور شامل ہیں اور انہیں درپیش مسائل کے حل کے لیے وہ ہمیشہ دستیاب رہیں گےساتھ ہی حکومت سے موثر نمائندگی کے ذریعہ بھی مسائل کے حل کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے یاد دہانی کر وائی کہ انہوں نے پتھر کی صنعت کو درپیش مسائل کا مسئلہ اسمبلی میں اٹھایا تھا اور محکمہ معدیانت کے اعلیٰ عہدیداروں سے بھی نمائندگی کی تھی۔

رکن اسمبلی بویانی منوہر ریڈی نے کہا کہ تانڈور کے پتھر کی ملک بھر میں ایک منفرد پہچان ہے۔انہوں نے تیقن دیا کہ اندرون تین تا چار سال موضع جنگورتی میں صنعتی زون کے قیام کے بعد تمام پتھر کی صنعتوں کو وہاں منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ساتھ ہی تانڈور میں کروڑہا روپیوں کے مصارف سے مختلف ترقیاتی کام جاری ہیں بالخصوص بائی پاس روڈ کی تکمیل کے بعد شہر میں ٹریفک کا مسئلہ بھی حل ہوگا۔

اس تقریبِ حلف برداری میں اسسٹنٹ ڈائرکٹر محکمہ معدنیات تانڈور ستیہ نارائنا، اے ڈی محکمہ برقی شنکرنائیک، کانگریسی قائدین ڈاکٹر سمپت کمار، صدرنشین زرعی مارکیٹ کمیٹی بال ریڈی کے علاوہ پتھر کی صنعت سے وابستہ مالکین، ٹرانسپورٹرس اور دیگر تنظیموں کے عہدیداروں کے بشمول دونوں تنظیموں کے ارکان شریک تھے۔

اس تقریب میں نائب صدور تانڈور اسٹون مرچنٹس ویلفیئر اسوسی ایشن کی حیثیت سے ایم اے ستارگولکنڈہ اور سی۔وجئے راما راو، جنرل سیکریٹری کنچم مرلی دھر، سید حبیب اوربرج موہن بوب جوائنٹ سیکریٹریز، خازن کے طور پر اے۔سنجیوکمار اور ایگزیکٹیو ممبرس کی حیثیت سے محمد اظہر علی، ایم۔ہیمنت کمار، جی۔بسواراج، ٹی۔من سکھ پٹیل، پسالا رمیش، نذیر احمد پٹیل، محمد شاہد علی،محمد مکرم الدین احمد، شیخ محمود علی، محمد باسط علی اور محمد اسد اللہ نے اپنے عہدوں کا حلف لیا۔

وہیں تانڈور منڈل کواری اونرس ویلفیئر اسوسی ایشن کے نائب صدور کی حیثیت سے اوم پرکاش سومانی اور محمد انور احمد نے، جنرل سیکریٹری سید زبیر پاشاہ، جی۔شرن بسپا اور کے۔ہرش وردھن ریڈی جوائنٹ سیکریٹریز اور خازن کی حیثیت سے محمد زین الدین نے جبکہ ایگزیکٹیو ممبرس کے طور پر سید عبدالغفور پاشاہ، ایم۔راجکمار، کاسالا راجو، محمد یاسر، ٹی۔نرسملو اور جی۔سرینواس نے اپنے عہدوں کا حلف لیا۔