وقارآباد، تانڈور اور پرگی میں گانجہ اور دیگر نشیلی اشیاء کی لعنت جاری، نوجوانوں اور طلبہ کو اس لت سے دور رکھنے کی شدید ضرورت

وقارآباد، تانڈور اور پرگی  میں گانجہ اور دیگر نشیلی اشیاء کی لعنت جاری
نوجوانوں اور طلبہ کو گانجہ اور دیگر منشیات کی لت سے محفوظ رکھنے کی شدید ضرورت
ضلع نارکوٹکس کوآرڈنیشن کمیٹی کا اجلاس، ضلع کلکٹر اور ایس پی کی ہدایت

وقارآباد : 22؍ڈسمبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

کلکٹر ضلع وقارآباد مسٹر سی۔نارائن ریڈی نے تاسف کا ظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسمبلی حلقہ جات وقارآباد، تانڈور اور پرگی کے علاقوں میں گانجہ کا استعمال جاری ہے۔اگر نوجوان اس نشہ کی اس لت کامستقل شکار ہوگئے تو مستقبل میں خطرناک نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا اور اس کی شروعات میں ہی سرکوبی لازمی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈرگس کے خاتمہ کے لیے ریاستی حکومت نے بھی اب کمر کس لی ہے۔

ضلع کلکٹر مسٹر سی۔نارائن ریڈی کل جمعرات کو دفتر کلکٹریٹ وقارآبادکے منی کانفرنس ہال میں ضلع ایس پی مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس کے ساتھ ضلعی نارکوٹکس کو آرڈنیشن کمیٹی کے ساتھ ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ نوجوانوں کو گانجہ سمیت دیگر منشیات کی لت میں مبتلاء ہونے سے روکنے کے لیے ضلع میں سخت اقدامات کیے جائیں۔اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےضلع کلکٹرمسٹر سی۔نارائن ریڈی نے کہاکہ بالخصوص اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ ان نشہ آوراشیاء کے عادی ہونے کا امکان زیادہ ہوتا ہے اور اس کے لیے لازمی ہے کہ اسکول اور کالج انتظامیہ ڈرگس کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے طلبہ کی ذہن سازی کریں اور ہر ماہ ضلعی سطح کے اجلاس منعقد کرتے ہوئے اس پر جائزہ لیا جاتا رہے،اسی طرح خواتین کی تنظیموں، سماجی اور کاروباری تنظیموں کو بھی اس معاملہ میں شعور بیداری کے لیے آگے آنے کی ضرورت ہے۔

اس اجلاس سے خطاب کرتےہوئے ضلع ایس پی مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے کہاکہ محکمہ زراعت کےعہدیدار اس پر سخت نظر رکھیں کہ کسان اپنی کاشت کے ساتھ گانجہ کی فصل نہ اگائیں۔اور کسانوں کو متنبہ کیا جائے کہ گانجہ کی کاشت کرنے والےکسانوں کو رعیتو بندھو اور رعیتو بیمہ جیسی اسکیمات سے محروم ہونا پڑے گا اورضلع کے سرحدی مقامات پر پڑوسی ریاستوں سے نشہ آور اشیاء کی اسمگلنگ پر سخت نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔طلبہ کو اس نشہ کی لت سے دور رکھنے کے لیے اسکولوں اور کالجوں میں شعور بیداری پروگرام منعقد کیے جائیں۔

ضلع ایس پی مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے اس اجلاس میں بتایاکہ وقارآبادضلع کی تشکیل کےبعد سے اب تک ڈرگس کے 25 کیس درج کرتےہوئے 128 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔انہوں نے انتباہ دیا کہ کرسمس اور نئے سال کی تقاریب کے موقع پر نشہ آور اشیاء کا استعمال نہ کیا جائے۔

ضلع ایس پی نے کہا کہ ضلع وقارآباد کو ڈرگس سے پاک ضلع بنانے کے لیے محکمہ پولیس،آبکاری،جنگلات،زراعت اورمحکمہ مال کے عہدیدار آپسی تال میل کے ساتھ مل کر کام کریں اور کسی بھی ایسے واقعہ کی اطلاع فوری پولیس کو دیں۔اس اجلاس میں اسسٹنٹ ٹرینی کلکٹر نارائناامیت، سپرنٹنڈنٹ محکمہ آبکاری نوین چندرا،محکمہ جنگلات کے عہدیدار گیانیشور، ڈی ای او رینوکا دیوی ،ڈپٹی ڈی ایم اینڈ ایچ او جیواراج، ڈرگس انسپکٹر کرانتی کمارکے علاوہ محکمہ زراعت،محکمہ مال کے علاوہ دیگر متعلقہ عہدیدار شریک تھے۔

یہ بھی پڑھیں "

پرگی میں ہونے والے تبلیغی اجتماع کے لیے فنڈ وقف بورڈ سے جاری کیا گیا ہے، بی جے پی کیوں منافرت پھیلانے میں مصروف ہے؟