تلنگانہ میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ، گاڑیوں کی تلاشی مہم کا آغاز، کلکٹر اور ایس پی وقارآباد ضلع کی جانب سے رہنمایانہ خطوط جاری

تلنگانہ میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ، گاڑیوں کی تلاشی مہم کا آغاز
کلکٹر اور ایس پی وقارآباد ضلع کی جانب سے رہنمایانہ خطوط جاری
کھمم ضلع میں 12 لاکھ ضبط، رقم اور زیورات کی منتقلی پریشانی کا باعث بن سکتی ہے! 

حیدرآباد/وقارآباد : 09۔اکتوبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے آج بشمول تلنگانہ پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔اسی کےساتھ ان پانچ ریاستوں میں انتخابی ضابطہ اخلاق کا نفاذ ہوچکا ہے۔یاد رہے کہ آج ہی چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے ریاست تلنگانہ کی 119 اسمبلی نشستوں پر انتخابات کی تواریخ کا اعلان کیاہے۔جس کےتحت ریاست تلنگانہ میں ایک ہی مرحلہ میں 30 نومبر کو ووٹنگ ہوگی اور 3 ڈسمبر کو ووٹوں کی گنتی کے ساتھ نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے تلنگانہ اسمبلی کے انتخابات کا شیڈول جاری کردئیے جانے کے بعد ریاست تلنگانہ میں فوری اثر کے ساتھ انتخابی ضابطہ اخلاق Election Code# نافذ ہو چکا ہے جو کہ انتخابات کا عمل مکمل ہونے تک جاری رہے گا۔

اسی دؤران انتخابی ضابطہ اخلاق کےنفاذ کےچند گھنٹوں میں ہی کھمم ضلع میں پولیس کی تلاشی مہم کے دؤران 12 لاکھ 50 ہزار روپیوں پر مشتمل نقد رقم ضبط کرلی گئی۔اطلاعات کےمطابق وائرا سب ڈویژن کے حدود میں تین مقامات پر تلاشی کے دوران تین افراد کےپاس سے اپنے ساتھ لےجانےوالے پانچ لاکھ روپئے ضبط کرلیے گئے۔اسی طرح کونی جرلہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں بھی تلاشی مہم کے دوران ڈھائی لاکھ روپئے کی نقد رقم ضبط کرلی گئی۔وہیں آج شام کھمم ضلع میں ہی تلاڈہ کے قریب پولیس نے 5 لاکھ روپئے ضبط کرلیے ہیں۔

دوسری جانب آج شام کلکٹرضلع وقارآباد مسٹر نارائن ریڈی اور ضلع ایس پی نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی نےمشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے تلنگانہ کے بشمول دیگر چار ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کے ساتھ ہی ریاست تلنگانہ میں بھی انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوگیا ہے۔اور اس دوران رائے دہندوں کوراغب کرنے کی غرض سے زیورات،نقد رقم اور دیگر اشیاء کی تقسیم پر الیکشن کمیشن کی سخت نظر ہے۔اور ایسے کسی بھی اقدامات کے خلاف مذکورہ اشیاء کی ضبطی کے علاوہ سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ 50 ہزار روپئے سے زائد رقم اپنے ساتھ لےجانے والے افراد محتاط رہیں۔پولیس اورعہدیداروں کی جانب سے تلاشی مہم کے دؤران اپنے پاس موجود زائد رقم، زیورات اور دیگر اشیاء کے قابل قبول دستاویزات پیش کرنا لازمی ہوگا۔اگر دستاویزات پیش نہیں کیےجاتے ہیں تو نقد رقم،زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء ضبط کرلی جائیں گی،جنہیں جائز اور قابل قبول دستاویزات پیش کرتےہوئے الیکشن کے اختتام کے بعد ہی حاصل کیے جانے کے امکانات ہوتے ہیں۔

ضلع کلکٹر اور ضلع ایس پی وقارآباد نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے دوران ہنگامی حالات میں ہسپتالوں کو منتقلی کے وقت ساتھ لے جائی جانے والی،کالجوں کی فیس کی ادائیگی کے لیے جانے والی رقم، کاروبار،شادیوں و دیگر تقاریب کےلیے خرید و فروخت کے لیے اپنے پاس موجود نقد رقم کے متعلق جائز وجوہات اور دستاویزات اپنے ساتھ لازمی طور پر رکھیں۔

انہوں نے کہاکہ انتخابات کےباعث پولیس عہدیدار،ٹاسک فورس،محکمہ مال اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کےعہدیدار اور عملہ گاڑیوں کی لازمی طور پر کبھی بھی اور کہیں بھی تلاشی مہم میں مصروف رہتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات کے پیش نظر ریاست تلنگانہ کی پڑوسی ریاستوں کی سرحدات پر 148 چیک پوسٹس قائم کیے گئے ہیں۔اس لیے تلنگانہ سے پڑوسی ریاستوں کو جانے اور وہاں سے ریاست تلنگانہ میں داخل ہونے والوں کےلیے لازمی ہوگا کہ بڑی مقدار میں رقم،زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء کے ساتھ ان کے دستاویزات بھی اپنے ساتھ رکھیں۔

💼 عہدیداروں کےمطابق ایک شخص کےپاس 50 ہزار روپئے نقد رقم رکھنے کی ہی اجازت ہوگی۔انتخابی ضابطہ اخلاق کےدؤران عوام کو ان چیزوں کا خاص خیال رکھنا ضروری ہوگا۔

⬅️ اگر کسی کے پاس سفر کے دوران شاہراہوں یا مقامی طورپر کہیں جاتے وقت 50 ہزار روپئے سےزائد رقم موجود ہو تو اس کی وجوہات اور جائز دستاویزات اپنے ساتھ رکھیں۔

⬅️ ہسپتالوں کے بلوں کی ادائیگی کی غرض سے لے جانے والی 50 ہزار روپئے سے زائد رقم کےساتھ مریض کی طبی رپورٹ،ہسپتالوں کے رسائد اور دیگر ضروری کاغذات اپنے ساتھ لازمی طور پر لے جائیں۔
⬅️ کسی ضرورت کے لیے اگر بینک سے بڑی رقم نکالی جاتی ہے تو بینک کی پاس بک یا اے ٹی ایم کی رسید اپنے ساتھ ضرور رکھیں۔
⬅️ کسی بھی اشیاء یا اجناس کی خرید و فروخت کے بعد حاصل ہونے والی رقم کی رسائد اپنے ساتھ رکھیں اور تلاشی مہم کےدوران عہدیداروں کو پیش کریں۔
⬅️ اگر اراضی یا مکان کی فروخت کے بعد بھاری مقدار میں رقم لے جائی جا رہی ہو تواس کے جائز دستاویزات بھی اپنے ساتھ رکھنا لازمی ہوگا۔
⬅️ کاروباری غرض سے اشیاء کی خریدی کے لیے لے جائی جانے والی،کسی اور مقصد کے لیے اپنے ساتھ موجود رقم کے متعلق لین دین کی مکمل تفصیلات اور رسائد اپنے ساتھ رکھیں اور چیکنگ کے دوران عہدیداروں کو دکھا ئیں۔

یاد رہےکہ کسی مقصد سے بڑی مقدار میں منتقل کی جانے والی رقم کےساتھ وجوہات اور جائز دستاویزات موجود نہ ہوں تو اس رقم کوضبط کرلیا جائے گا۔اور اس معاملہ میں محکمہ انکم ٹیکس،جی ایس ٹی کے عہدیدار بھی میدان میں اترجاتے ہیں۔ اور جب تک جائز دستاویزات پیش نہیں کیے جاتے آپ مصیبت کا شکار ہوسکتے ہیں۔!!

لازمی ہےکہ زیادہ تر افراد اس انتخابی ضابطہ اخلاق اور تلاشی مہم کے دوران رقم،زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء کی ضبطی کا شکار بن جاتے ہیں ۔ایسے بیوپاریوں اور ضرورتمندوں کو بھی اس تعلق سے باشعور بنایا جائے۔دوسری جانب موجودہ حکومت بھی عوامی مفاد میں کوئی اسکیمات کا اعلانات نہیں کرسکتی اور نہ ہی سرکاری پروگراموں کا انعقاد عمل میں لایا جاسکتا ہے۔!! 

" یہ بھی پڑھیں ، تلنگانہ میں انتخابی عمل کی مکمل تفصیلات ” 

تلنگانہ ، مدھیہ پردیش، راجستھان، چھتیس گڑھ اور میزورم میں اسمبلی انتخابات کا بِگل بج گیا، تلنگانہ میں 30 نومبر کو ووٹنگ اور 3 ڈسمبر کو نتائج