حیدرآباد سے اننت گیری ہلز آنے والے سیاحوں کی کار تالاب میں گرپڑی، ایک ہلاک، بشمول خاتون چار افراد محفوظ، اسپیکر اسمبلی کا دورہ

حیدرآباد سے اننت گیری ہلز آنے والے سیاحوں کی کار تالاب میں گر پڑی
ایک ہلاک، بشمول خاتون چار افراد محفوظ، گہری کہر اور شدید شبنم کے باعث حادثہ
تلنگانہ اسمبلی اسپیکر پرساد کمار نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا، حادثہ پر افسوس کا اظہار

حیدرآباد/وقارآباد: 25۔ڈسمبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

وقارآبادضلع مستقر کےقریب آج ایک تیز رفتار کار تالاب میں گرپڑی جس کےباعث اس کار میں سوار ایک شخص غرق ہوگیا،جبکہ کار میں سوار  دیگر چار مسافرین کو بچالیا گیا۔یہ افسوسناک حادثہ حیدرآباد۔وقارآباد شاہراہ پر وقارآباد کے ذخیرہ آب شیوا ریڈی پیٹ تالاب کے پاس اس وقت پیش آیا جب ایک کار میں سوار پانچ افراد جن میں ایک خاتون بھی شامل ہیں تفریح کی غرض سے اننت گیری ہلز کی جانب آرہے تھے۔پانی میں گر کر غرق ہونے والی اس کار کو کرین کی مدد سے باہر نکال لیا گیا۔

تاہم کار میں سوار گناشیکھر نامی شخص لاپتہ تھا۔بڑی تعداد میں تیراکوں کی مدد سے اس کی تلاشی جاری تھی کہ اسی دؤران تالاب میں 11 گھنٹوں کی تلاشی مہم کے بعد غوطہ خوروں کو گنا شیکھر کی لاش آج شام 4 بجے برآمد ہوئی ہے۔

دوسری جانب اس حادثہ کی اطلاع کےبعد آج شام اسپیکر تلنگانہ اسمبلی گڈم پرساد کمار جوکہ وقارآباد کےرکن اسمبلی بھی ہیں نے شیواریڈی پیٹ تالاب پہنچ کر پولیس سے تمام تفصیلات حاصل کیں،متاثرین کی بہتر امداد کی ہدایت دی اور اس واقعہ پر شدید افسوس کا اظہار کیا۔

سب انسپکٹر پولیس وقارآباد انوش ریڈی کےمطابق صبح کی اولین ساعتوں میں 5 بجے کسی مقامی شخص نے پولیس کو 100 نمبر پر اطلاع دی کہ ایک کار جس میں پانچ افراد سوار ہیں شیواریڈی پیٹ کے تالاب میں گرگئی ہے۔اطلاع کے فوری بعد پولیس کے وہاں پہنچنے تک کار میں سوار چار افراد کسی طرح تالاب کے پانی سے باہر آگئے تھے۔تاہم گنا شیکھر نامی شخص لاپتہ تھا۔

سب انسپکٹر پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ کیسے پیش آیا اس کی تحقیقات جاری ہیں انہوں نے کہاکہ کرین کی مدد سے کار کو تالاب سے نکالا گیاہے جس کے اگلے حصہ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

سب انسپکٹر پولیس وقارآباد انوش ریڈی نے کہاکہ آج صبح کےوقت اس علاقہ میں شدید کہر اور شبنم کےباعث راستہ نظر نہیں آرہا تھا کار میں سوار دیگر افراد سےمعلومات حاصل کی جائیں گی کہ آیا کار پر توازن کھوجانے کےباعث یہ حادثہ پیش آیا یا پھر کسی نامعلوم گاڑی کی ٹکرکےباعث یہ حادثہ رونما ہوا ہے۔؟

دستیاب تفصیلات کےمطابق حیدرآباد کےساکن ساگر،رگھو،گنا شیکھر،موہن اور ایک خاتون پوجیتا جوکہ این آر آئی بتائی گئی ہیں آج صبح کی اولین ساعتوں میں ساڑھے تین بجے حیدرآباد سے کار نمبر AP 37 AT 5000 میں سوار ہوکر سیاحت کی غرض سے اننت گیری ہلز آرہےتھے کہ 5 بجے وقارآباد کےشیواریڈی پیٹ تالاب کی جانب ان کی تیزرفتار کار دؤڑ کر غرق ہوگئی ،مصدقہ اطلاع کے مطابق کسی نامعلوم گاڑی کو  گہری کہر اور تیز شبنم کے دؤران راستہ دینے کے دؤران یہ حادثہ پیش آیا ہے۔؟

کار ڈرائیور سڑک کےکنارے سیدھی جانب موجود تالاب سےواقف نہیں تھا۔کار کے تالاب میں غرق ہونےکے فوری بعد ان مسافرین میں سے ایک نے دیگر تین مسافروں کو حفاظت کے ساتھ باہر نکال لیا،لیکن گنا شیکھر نامی شخص کا پتہ نہیں چل پایا تھا۔بعدازاں ان چاروں کو مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

اس حادثہ کی اطلاع کے بعد مقامی افراد کےعلاوہ حادثہ کا شکارمتاثرین کے افراد خاندان کی بڑی تعداد جائے مقام پر پہنچ گئی ہے۔آج شام حادثہ کا شکار اس کار سے لاپتہ گناشیکھر کی نعش کو غوطہ خوروں نے 11 گھنٹوں کی تلاش کے بعد تالاب باہر نکال لیا ہے۔اس سلسلہ میں پولیس ایک کیس درج کرکے مصروف تحقیقات ہے۔

یہ بھی پڑھیں "

ایک لڑکی ٹریفک کے درمیان سڑک پر رقص کرنے میں مصروف، دو کروڑ سے زائد ویوز، سوشل میڈیا پر لائیک،شیئرز اور فالوورز حاصل کرنے کا جنون