تانڈور میں اے ایس جی ایم کے چیئرٹیبل ٹرسٹ کی مختلف شعبوں میں خدمات لائق ستائش : رکن اسمبلی اور مجیب خان کا خطاب

تانڈور میں اے ایس جی ایم کے چیئرٹیبل ٹرسٹ کی مختلف شعبوں میں خدمات لائق ستائش
سرکاری اسکیمات میں ٹرسٹ کو شراکت دار بنایا جائے گا،  تانڈور میں  بی ایڈ کالج کے قیام کا اعلان
نومنتخب صدر،  نائب صدر اور ارکان بلدیہ کی تہنیتی تقریب، رکن اسمبلی اور مجیب خان کا خطاب

حیدرآباد/تانڈور : 17۔فروری
(سحر نیوز ڈاٹ  کام )

مختلف شعبہ جات میں اے ایس جی ایم کے  چیئرٹیبل ٹرسٹ کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے رکن اسمبلی تانڈور، وقارآباد ضلع بویانی منوہر  ریڈی نے کہا ہےکہ ٹرسٹ کی جانب سے بلاء لحاظ مذہب غریب اورمستحق طلبہ کو تعلیم کے حصول میں اور  کاروبار کے لیے کئی افراد  کی مالی مدد  کیساتھ ساتھ علاج و معالجہ کے لیے ما لی امداد، ہیلت کیمپس کا انعقاد  جیسی مختلف خدمات قابل ستائش ہیں۔

رکن اسمبلی بویانی منوہر ریڈی گذشتہ رات وقارآباد ضلع کے  تانڈور میں موجود مسجد سید نا علی مرتضیٰ، شاہی پور کے احاطہ میں فاونڈر و چیئرمین اے ایس جی ایم کے ٹرسٹ مجیب خان کی زیر صدارت ٹرسٹ کے  زیراہتمام منعقدہ  نومنتخب صدر نشین بلدیہ پٹلولا  نیرجا بال ریڈی، نائب صدر نشین بلدیہ عبدالرزاق اور  کانگریس کے تمام نومنتخب ارکان بلدیہ کی تہنیتی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس تقریب میں مجیب خان نے رکن اسمبلی بویانی منوہر ریڈی،نومنتخب صدرنشین بلدیہ تانڈور پٹلولا نیرجا بال ریڈی، نائب صدرنشین بلدیہ عبدالرزا ق کے علاوہ  کانگریس کے  تمام  نومنتخب ارکان بلدیہ کی شال و گلپوشی کے علاوہ انہیں یادگار مومنٹوز حوالے کیے۔

اس تہنیتی تقریب میں بطور مہمان خصوصی رکن اسمبلی تانڈور  بویانی منوہر ریڈی نے شرکت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ مجیب خان نے غریب اور مستحق افراد کی مدد  کی غرض سے ہی اے ایس جی ایم کے چیئرٹیبل ٹرسٹ کا قیام عمل میں لاتے ہوئے بلاء لحاظ مذہب تعلیمی اور طبی شعبہ جات میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور  ساتھ ہی خانگی اسکولوں و کالجس میں زیر تعلیم مستحق طلبہ کی فیس کی ادائیگی کو یقینی  بنا رہے ہیں۔

رکن اسمبلی نے کہا کہ مجیب خان اپنے اس ٹرسٹ کے ذریعہ بے گھر افراد میں اراضی کی تقسیم کے علاوہ بیروزگار لڑکیوں اور خواتین کو خود مکتفی  بنانے  کی غرض سے انہیں ٹیلرنگ اور مہندی ڈیزائننگ کی مفت تربیت  فراہم کرنے کے علاوہ انہیں روزگار کی فراہمی کی غرض سے سیونگ مشین فراہم کرنے میں مصروف ہیں، جوکہ انسانیت کا تقاضہ بھی ہے اور  دیگر مالدار افراد کےلیے ایک مثال بھی ہے کہ وہ مستحقین کی مدد کے لیے آگے آئیں۔

رکن اسمبلی  بویانی منوہر ریڈی نے اپنے خطاب میں اعلان کیا کہ تانڈور میں ریاستی حکومت کی مختلف اسکیمات کو مستحق افراد   تک راست  پہنچانے کے  لیے مجیب خان اور  اے ایس جی ایم کے چیئرٹیبل ٹرسٹ کیساتھ شراکت داری کی جائے گی۔

اس تہنیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  فاونڈر  و چیئرمین اے ایس جی ایم کے چیئرٹیبل ٹرسٹ مجیب خان نے اعلان کیاکہ طلبہ کو مزید اعلیٰ تعلیم کے مواقع   پیدا کرنے کی غرض سے  بہت جلد  وہ تانڈور میں  بی۔ایڈ کالج کا قیام عمل میں لائیں گے۔ انہوں نے رکن اسمبلی  بویانی منوہر ریڈی سے مطالبہ کیا کہ ان کے ٹرسٹ کے  ذریعہ مزید خدمات کی انجام دہی کے لیے سرکاری طور  پر تعاون فراہم کیا جائے تو  وہ  ٹرسٹ کی خدمات کا دائرہ  مزید  وسیع کرنے  کے لیے  تیار ہیں۔

اس تقریب میں صدر  کانگریس  وقارآباد ضلع دارا سنگھ،  ٹرسٹ کے لیگل اڈوائزر کرنم پرشوتم راو، سینئر کانگریسی قائدین عبدالروف، عبدالاحد،  حافظ نعیم اختر  مولانا سہیل احمد عمری ، مولانا شکیل احمد نظامی کے  علاوہ  دیگر معززین شہر ، مختلف تنظیموں کے نمائندوں کے علاوہ سیاسی  قائدین اور عوام کی بڑی تعداد شریک تھی۔ 

" یہ بھی پڑھیں  "

وقارآباد ضلع کی چاروں بلدیات پر کانگریس کا قبضہ، چاروں بلدیات پر خاتون صدورنشین بلدیہ کا انتخاب

سابق رکن اسمبلی تانڈور کی گرفتاری کے لیے پولیس حیدرآباد پہنچ گئی، ووٹوں کی گنتی کے دن پولیس سے بحث و تکرار اور دھکم پیل کا شاخسانہ !

تلنگانہ میں بھی اب فوڈ جہاد! میڈارم جاترا میں کھویا بن بیچنے والے شاہ ولی کو یوٹیوب چینل کی شدید ہراسانی، ہر طرف سے مذمت