سماجی خدمات ایک بہترین انسانی جذبہ، بالخصوص نوجوان طبقہ مستحقین کی مدد کے لیے آگے آئے
تانڈور میں اے ایس جی ایم کے چیرٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے مفت سلائی مشینوں کی تقسیم
صدرنشین ضلع پریشد سنیتا مہندر ریڈی، رکن اسمبلی منوہر ریڈی اور مجیب خان کا خطاب
وقارآباد/ تانڈور: 12۔مارچ
( سحر نیوز ڈاٹ کام )
مسز پی۔سنیتا مہندر ریڈی صدرنشین ضلع پریشد وقارآباد ضلع اور رکن اسمبلی تانڈور بویانی منوہر ریڈی نے کہاہےکہ بلاء لحاظ مذہب سماجی خدمات اور مستحقین کی مدد ایک بہترین انسانی جذبہ ہے۔اس سے جہاں خود کو روحانی و دلی سکون حاصل ہوتا ہے وہیں مستحق افراد کی ضرورتیں بھی پوری ہوتی ہیں اور ہنر مند مرد و خواتین کی تھوڑی سی مدد سے وہ خود کفیل بن کر اپنا اور اپنے خاندان کے معاش کا ذریعہ بنتے ہیں۔

صدرنشین ضلع پریشد و رکن اسمبلی وقارآباد ضلع کے تانڈور میں موجود وائٹ پیالیس فنکشن ہال میں مینارٹیز ویلفیئر آرگنائزیشن، وقار آباد ضلع کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سےخطاب کر رہے تھے۔اس تقریب میں چیئرمین اے ایس جی ایم کے چیرٹیبل ٹرسٹ محمد مجیب خان کی جانب سے ٹیلرنگ کی تربیت مکمل کرنےوالی مستحق خواتین میں صدرنشین ضلع پریشدمسز پی۔سنیتا مہندرریڈی،رکن اسمبلی تانڈور بویانی منوہرریڈی اور چیئرمین اے ایس جی ایم کے چیرٹیبل ٹرسٹ محمد مجیب خان کے ہاتھوں 20 سلائی مشین مفت تقسیم کی گئیں۔اور آرگنائزیشن کی جانب سے ٹیلرنگ اور مہندی ڈیزائننگ کی مفت تربیت حاصل کرنے والی خواتین و لڑکیوں کو سرٹیفکیٹ حوالے کیے گئے۔
اس تقریب سےخطاب کرتے ہوئے صدرنشین ضلع پریشد وقارآبا مسز پی۔سنیتا مہندر ریڈی اور رکن اسمبلی تانڈور بویانی منوہر ریڈی نے چیئرمین اے ایس جی ایم کے چیرٹیبل ٹرسٹ محمد مجیب خان کی سماجی خدمات کی ستائش کرتےہوئے کہاکہ ان کی جانب سے بلاء مذہب مستحق اور غریب طبقہ کو مختلف طریقوں سے امداد فراہم کرنا قابل ستائش ہے۔اور موجودہ حالات میں ضروری ہے کہ مالدار اور ذی حیثیت طبقہ مستحقین کی مدد کےلیے آگے آئے بالخصوص نوجوانوں میں سماجی خدمت کا جذبہ پیدا ہو کیونکہ اس سے کئی خاندانوں کو ذریعہ معاش حاصل ہوتا ہے اور وہ بھی سماج میں باعزت طریقہ سے خود روزگار بن کر اپنے خاندانوں کی بہتر کفالت کرسکتے ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے ایم اے مجیب پٹیل صدر مینارٹیز ویلفیئر آرگنائزیشن اوران کی تنظیم کے دیگر کے ذمہ داروں کومبارکباد دی کہ ان کی جانب سے تانڈور میں بڑے پیمانے پر خواتین اور لڑکیوں کو خود کفیل بنانےکےلیے مفت ٹیلرنگ اور مہندی ڈیزائننگ کی تربیت فراہم کی جارہی ہے۔
صدرنشین ضلع پریشد وقارآباد مسز پی۔سنیتا مہندر ریڈی اور رکن اسمبلی تانڈور بویانی منوہر ریڈی نے اپنا خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ریاست کی کانگریس حکومت بھی مستحق اور غریب طبقات کی تعلیمی اور معاشی حالت کو بہتر بنانے کے لیے کئی ایک اقدامات میں مصروف ہے۔اور اس کے لیے 6 گیارنٹی اسکیمات کے علاوہ دیگر کئی اسکیمات پر عمل آوری جاری ہے۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی بالخصوص خواتین کی فلاح و بہبود کےلیے کوشاں ہیں اور یہی وجہ ہےکہ مختلف اسکیمات کو خواتین کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔
صدرنشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نے خطاب کرتے ہوئے محمد مجیب خان چیئرمین اے ایس جی ایم کے چیرٹیبل ٹرسٹ کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ محمد مجیب خان نے کورونا وباء اور لاک ڈاؤن کے وقت بھی بڑی تعداد میں مستحق افراد کی ہر طرح سے مدد کی تھی اور آج بھی وہ خاموشی کے ساتھ بلاء مذہبی تفریق مستحقین کی مدد میں مصروف ہیں۔

صدرنشین بلدیہ نے کہاکہ مجیب خان کی سماجی خدمات کو دیکھ کر ان میں بھی یہی جذبہ پیدا ہوا ہےکہ سماج کی مختلف طریقوں سے خدمت کی جائے۔یاد رہے کہ محمد مجیب خان کی جانب سے حلقہ اسمبلی تانڈور کے مختلف گریجن تانڈؤں کی بیواؤں اور غریب خواتین میں اس سے قبل 64 سلائی مشین تقسیم کی گئی تھیں تاکہ وہ گھر بیٹھے اپنا روزگار حاصل کر پائیں۔
صدرنشین بلدیہ نے ایم اے مجیب پٹیل صدر مینارٹیز ویلفیئر آرگنائزیشن اوران کی تنظیم کی بھی ستائش کی کہ ان کی جانب سے خواتین کو مفت ٹیلرنگ اور مہندی ڈیزائننگ کی تربیت فراہم کرتے ہوئے خواتین کو خود مکتفی بنایا جا رہا ہے جس ے ان کی معاشی حالات بہتر بنانے میں مدد حاصل ہوگی۔
اس تقریب سے خطاب کرتےہوئے چیئرمین اے ایس جی ایم کے چیرٹیبل ٹرسٹ محمد مجیب خان نے کہا کہ وہ کسی بھی سطح پر مستحق افراد کی مدد کرنے کےلیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ خدمت خلق سے دلی اور روحانی سکون حاصل ہوتا ہےجس کی اسلام نے بھی لازمی طورتعلیم دی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارا فرض بھی ہےکہ بلاء لحاظ مذہب ہم غریب اورمستحق افراد کی مدد کرتے رہیں تاکہ وہ معاشی اور تعلیمی میدان میں ترقی کرسکیں۔

محمد مجیب خان نے اپنے خطاب میں کہاکہ حلقہ اسمبلی تانڈور سے بویانی منوہر ریڈی کی کامیابی کےبعد حلقہ اسمبلی تانڈور کے بشمول اقلیتوں تمام طبقات کی یکساں ترقی یقینی ہے۔ساتھ ہی انہوں نے مشورہ دیا کہ عوام بالخصوص اقلیتی طبقہ اپنے مسائل رکن اسمبلی سے رجوع کرتے ہوئے انہیں حل کر وائے اور ساتھ ہی ذمہ داران قوم قوم کےمستحق و غریب خاندانوں کو ریاستی حکومت کی تمام اسکیمات سے مستفید ہونے کے لیے ان کی موثر نمائندگی اور رہنمائی کو یقینی بنائیں۔
اس تقریب میں کانگریسی قائدین ڈاکٹر سمپت کمار،عبدالرؤف،صدر تانڈور ٹاؤن کانگریس سید حبیب لالہ،ارکان بلدیہ نیرجا بال ریڈی اور پربھاکر گوڑ کے علاوہ دیگر شریک تھے۔
” یہ بھی پڑھیں ”

