تلنگانہ کی 116 بلدیات اور سات کارپوریشنس میں بحیثیت مجموعی 73 فیصد رائے دہی ریکارڈ
وقارآباد ضلع میں 71.82فیصد ، وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے کوڑنگل میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا
حیدرآباد/وقارآباد :11۔فروری
(سحر نیوزڈاٹ کام/ خصوصی رپورٹ)
ریاست تلنگانہ میں آج 11 فروری کو سوائے چند ناخوشگوار واقعات کے بلدی انتخابات کا پرامن اختتام عمل میں آیا ۔ان ووٹوں کی گنتی 13 فروری کو انجام دی جائے گی اور انتخابی نتائج کا اسی دن اعلان کیا جائے گا۔
ریاستی الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کے مطابق ریاست کی 116 بلدیات اور سات میونسپل کارپوریشنس میں بحیثیت مجموعی 73.1فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی ہے۔
سات میونسپل کارپوریشنس کریم نگر (66حلقے)، نظام آباد، محبوب نگر، راما گنڈم، کوتہ گوڑم، منچریال (تمام 60 بلدی حلقے) اورنلگنڈہ (48 بلدی حلقے) میں موجود جملہ 414 بلدی حلقوں میں بحیثیت مجموعی 66.05فیصد رائے دہی شمار کی گئی ہے وہیں 116 بلدیات کے 2,582 حلقوں میں 75.88 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ریاست میں منعقدہ ان بلدی انتخابات کی رائے دہی میں 72.63مرد رائے دہندگان اور73.39 خاتون رائے دہندگا ن نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا ہے۔
وقارآباد ضلع میں موجودوقارآباد،تانڈور، پرگی اور کوڑنگل کی بلدیات کے لیے آج بلدی انتخابات کی رائے دہی کا چند ایک معمولی واقعات کے درمیان پرامن اختتام عمل میں آیا ۔
وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے اپنے حلقہ اسمبلی کوڑنگل پہنچ کر ضلع پریشد گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کوڑنگل میں قائم میں مرکز رائے دہی پراپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔جبکہ تلنگانہ اسمبلی اسپیکر گڈم پرساد کمار نے وقارآباد میں ووٹ ڈالا ۔
شام دیر گئے ایڈیشنل کلکٹر و ایڈیشنل الیکشن آفیسر وقارآباد ضلع کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ضلع کے پرگی میں سب سے زیادہ 77.10 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی، اس طرح کوڑنگل میں 75.81فیصد، وقارآباد میں 74.35فیصد اور تانڈور میں سب سے کم 67.54رائے دہی ریکارڈ کی گئی ہے۔
وقارآباد بلدیہ میں 34حلقوں، بلدیہ پرگی کے 18 حلقوں، کوڑنگل بلدیہ کے 12حلقوں اور سب سے زیادہ36 بلدی حلقہ جات کی حامل بلدیہ تانڈوکے لیے آج رائے دہی ہوئی ۔2020ء میں منعقدہ بلدیہ تانڈور کے انتخابات میں بحیثیت مجموعی 71.33فیصد رائے دہی ہوئی تھی۔تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد 2014ء میں منعقدہ بلدی انتخابات میں یہاں 74.41فیصد رائے دہی ریکارڈ ہوئی تھی جبکہ اس وقت یہاں 31بلدی حلقے ہی موجود تھے۔
بلدیہ تانڈور کے 36بلدی حلقوں میں جملہ رائے دہندگان کی تعداد 77,029 ہے، جن میں 37,499؍ مرد رائے دہندگان ، خاتون رائے دہندگان کی تعداد 39,525؍ اورتیسری صنف کے پانچ رائے دہندے شامل ہیں۔ آج ان میں سے 25,488؍مرد ، 26,534؍خاتون اور تین تیسری صنف کے رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔
بلدیہ تانڈور کے 36بلدی حلقہ جات کے لیے 135امیدوار قسمت آزمائی کررہے ہیں جن میں کانگریس کے 36، بی آرایس پارٹی کے 36، بی جے پی کے 28، کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کے 15 امیدواروں کے علاوہ دیگر جماعتوں کے 6 اور15آزاد امیدوارشامل ہیںجن کی سیاسی قسمت کافیصلہ رائے دہندگان نے بیالٹ پیپر پر مہر بند کرتے ہوئے بیالٹ باکسیس میں محفوظ کردیا ہے جنہیں سخت پولیس بندوبست میں تانڈور کے سینٹ مارکس اسکول میں قائم اسٹرانگ روم میں محفوظ کردیا گیا۔جہاں سخت پولیس نگرانی کی جا رہی ہے۔ اب 13فروری ،بروز جمعرات ووٹوں کی گنتی کیلئے یہ بیالٹ باکس کھولے جائیں گے۔

