مرکزی وزیر سیاحت و معدنیات جی۔کشن ریڈی سے تانڈور اسٹون مرچنٹس اور کواری اونرس کے عہدیداروں کی ملاقات

مرکزی وزیر سیاحت و معدنیات جی۔ کشن ریڈی سے
تانڈوراسٹون مرچنٹس اورکواری اونرس کے عہدیداروں کی ملاقات

حیدرآباد/تانڈور:15۔مارچ(سحرنیوزڈاٹ کام)

تانڈور اسٹون مرچنٹس ویلفیئر اسوسی ایشن اور تانڈور منڈل کواری اونرز ویلفیئر اسوسی ایشن کےعہدیداروں کےایک وفد نے رکن ایگزیکٹیو کمیٹی تلنگانہ بی جے پی یو۔رمیش کی قیادت میں مرکزی وزیر سیاحت ومعدنیات جی۔کشن ریڈی سے اتوار کے دن خیر سگالی ملاقات کی۔

اس موقع پر مرکزی وزیر کو واقف کر وایا گیا کہ وقارآباد ضلع کےتانڈور میں موجود پتھر کی صنعت جسے شاہ آباد لائم اسٹون سلابس کہا جاتا ہے کو چھوٹی صنعتوں میں ہی شامل رکھا جائے۔ مرکزی وزیر جی۔کشن ریڈی کو بتایا گیا کہ حال ہی میں لائم اسٹون سلابس Lime Stone Slabsکی صنعت کو بڑی صنعتوں میں شامل کیا گیا ہے, جس کے باعث ریاست تلنگانہ میں شاہ آباد پتھر کے طور پر اپنی شناخت کے حامل بالخصوص تانڈور کی پتھر صنعت اور معدنیات کے لیز ہولڈرس کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اسٹون مرچنٹس اور کواری اونرس اسوسی ایشن تانڈورکے ان عہدیداروں نے مرکزی وزیر جی۔کشن ریڈی کو بتایا کہ گذشتہ 40 سال سے تانڈور کے بیوپاری نصف تا ایک ایکڑ پٹہ اراضیات میں تمام سرکاری قواعد وضوابط کے ساتھ کانکنی کرتے آ رہے ہیں اور تانڈور کی اس پتھر صنعت سے 20 تا 30 ہزار افراد کاذریعہ معاش جڑا ہوا ہے، اب اس پتھر صنعت کو بڑی صنعتوں میں شامل کیے جانے کے باعث چھوٹی صنعتوں سے وابستہ مالکین شدید مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں، انہیں مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مرکزی وزیر سیاحت و معدنیات جی۔کشن ریڈی کو بتایا گیا کہ پڑوسی ریاستوں آندھرا پردیش اور کرناٹک میں تعمیراتی کاموں میں بطور فلورنگ استعمال کیے جانے والے شاہ آباد لائم اسٹون سلابس کو ہنوز چھوٹی صنعتوں کے دائرہ میں ہی شامل رکھا گیاہےاور ان سے نمائندگی کی گئی کہ تلنگانہ میں بھی اس صنعت کوچھوٹی صنعتوں میں ہی شامل رکھا جائے تاکہ پہلے ہی سے مختلف مسائل سے دوچار تانڈور کی پتھر صنعت کےمالکین کو راحت نصیب ہو اور بشمول مالکین ہزاروں مزدوروں کو روزگار حاصل ہوتا رہے۔

جس پر مرکزی وزیرسیاحت و معدنیات جی۔کشن ریڈی نے پتھر کی صنعتوں اور معدنیات کے عہدیداروں کو مثبت تیقن دیتے ہوئے کہاکہ وہ اس سلسلہ میں مرکزی حکومت سے موثر نمائندگی کو یقینی بنائیں گے۔

مرکزی وزیر جی۔کشن ریڈی سے ملاقات کرنے والے اس وفد میں صدر تانڈور منڈل کواری اونرس ویلفیئر اسوسی ایشن عبدالرؤف، نائب صدور اوم پرکاش سومانی،محمد انور احمد،خازن محمد زین الدین اور دیگر شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں

حیدرآباد : معین آباد کے فارم ہاؤز پر ایگل ٹیم اور ایس او ٹی کا دھاوہ، منشیات ضبط!، سابق رکن اسمبلی اور ایم پی پولیس تحویل میں!!

تلنگانہ میں پکوان گیس کی کوئی قلت نہیں، سوشل میڈیا کے پروپگنڈہ سے عوام پریشان نہ ہوں : وزیر سول سپلائز اُتم کمار ریڈی

تلنگانہ میں موسم گرما کے پیش نظر 15 مارچ سے نصف دن کا اسکول، 24 اپریل سے 12 جون تک گرمائی تعطیلات