موجودہ حالات میں مسلمان ہرگز مایوسی کاشکار نہ ہوں
نوجوانوں کی بے راہ روی،منشیات اور نشہ کی لت ایک لمحہ فکریہ
تانڈور میں مولانامحمدعبدالقوی صدرجمعیۃ علما گریٹر حیدرآباد کاخطاب
وقارآباد/تانڈور: 06۔فروری(سحرنیوزڈاٹ کام)
مولانا محمدعبدالقوی صدرسٹی جمعیۃ علما گریٹر حیدرآباد نے اپنے خطاب میں مسلمانوں کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ موجودہ حالات میں تمام تر خطرات اور اندیشوں کے باوجود ہرگز مایوسی کو اپنے قریب آنے نہ دیں یہ باطل اور ملک دشمن طاقتیں دھویں کے مانند ہیں جو بہت جلد چھٹ جائے گا۔
وہ گزشتہ رات جمعیۃ علما ضلع وقارآباد کی جانب سے مسجد قریش، قدیم ترکاری بازار،تانڈور میں مولانامحمدعبداللہ اظہر قاسمی صدرجمعیۃ علما ضلع وقارآباد کی زیر نگرانی منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
اس اجلاس سے اپنا خطاب جاری رکھتے ہوئے مولانا محمد عبدالقوی صدر سٹی جمعیۃ علماء گریٹر حیدرآباد نے کہاکہ تاریخ شاہد ہے کہ اس قسم بلکہ ان سے کئی گنا خطرناک حالات سے امت مسلمہ دوچار ہوئی ہے اور بار بار ہوئی ہے اور ہر دفعہ مکمل صبر و استقامت کا ثبوت دیتے ہوئے ان حالات کو شکست سے دوچار کیا ہے۔
اپنے خطاب میں مولانا عبدالقوی نے مزید کہا کہ ہمیں اسی ملک میں رہنا ہے اور پورے ہمت و حوصلے اور اپنی تہذیب و شعار کو سینے سے لگاکر رہنا ہے ۔حکومتیں تو آتی جاتی ہیں اور اگر اللہ تعالی سے ہمارا تعلق مضبوط ہو تو کسی بھی دشمن سے کوئی خطرہ نہیں ہے ۔لیکن یاد رکھیں کہ نافرمانیوں اور حکم عدولیوں کے ساتھ اللہ تعالی کی مدد کی امید رکھنا سراسر بے وقوفی ہے۔
مولانا عبدالقوی نےاپنے خطاب میں تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی بے راہ روی بالخصوص منشیات اور نشہ کی لت کا شکار ہونا ایک لمحہ فکریہ ہے اور چند سماج دشمن عناصر کی جانب سے اپنے معمولی اور حقیر مالی منفعت کے لئے نت نئے انداز سے نوجوانوں میں نشہ آور اشیاء کو فروغ دیا جارہا ہے اور نوجوان حقہ پارلروں اور مختلف قسم کے منشیات کے عادی بنتے جارہے ہیں جو کہ انتہائی افسوسناک صورت حال ہے اور اس کے تدارک کے لئے معاشرہ کے ذمہ داروں کو سنجیدہ کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔
مولانا عبدالقوی نے جوانوں کوسخت تلقین کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی جوانی کی توانائیوں،اپنی صلاحیتوں اورتعلیم کو کاروبار اور دینی و سماجی سرگرمیوں میں صرف کرنے کی ضرورت ہے تاکہ سماج کا نام روشن ہوسکے۔

