وقارآباد ضلع میں ووٹوں کی گنتی کل ، پولیس کے سخت انتظامات
مراکز رائے شماری کے اطراف دفعہ 144نافذجیت کی ریالیوں، جلوس، آتشبازی
اور ڈی جے سسٹم پر پابندی ،خلاف ورزی پر ضلع ایس پی سنیہا مہرا کا انتباہ
حیدرآباد/وقارآباد:12۔فروری(سحرنیوزڈاٹ کام)
وقارآباد ضلع کی چار بلدیات وقارآباد،تانڈور،پرگی اور کوڑنگل میں کل 13؍فروری کو ووٹوں کی گنتی کے موقع پر سرکاری سطح پر تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں وہیں پرامن رائے شماری کے لیے پولیس کی جانب سے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وقارآباد ضلع محترمہ سنیہا مہرا آئی پی ایس نے کہا ہیکہ اس سلسلہ میں تمام ضروری حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں اور ضلع کے بلدی انتخابات کے لیے ووٹوں کی گنتی کو پرامن اور آزادانہ طریقے سے انجام دینے کو یقینی بنانے کے لیے مناسب پولیس بندو بست کیا گیا ہے۔
ضلع ایس پی نے کہا کہ ووٹوں کی گنتی کے عمل کے پیش نظر چونکہ ضلع کی چاروں بلدیا ت میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے اس کے تحت گنتی مراکز کے اندر اور ان کے آس پاس جیت کا جشن ،ریالیاں، بائیک ریلیاں، جلوس، آتشبازی اور ڈی جے ساؤنڈ سسٹم کے استعمال پر سختی سے پابندی عائد ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ نتائج کے اعلان کے بعد بھی تحمل کا مظاہرہ کریں اور جوش میں آکر کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہ ہوں۔
ضلع ایس پی محترمہ سنیہا مہرا آئی پی ایس نے کہا ہے کہ ووٹوں کی گنتی کے دوران گنتی مراکزکے اطراف سی آر پی سی کی دفعہ 144 نافذ رہے گی۔ اس دفعہ کے نفاذ کے دوران، پانچ سے زائد افراد کا جمع ہونا، نعرے لگانا، اور لاؤڈ سپیکر، ڈی جے، ساؤنڈ باکس، یا کسی دوسرے ساؤنڈسسٹم کا استعمال سختی سے ممنوع ہے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ضلع ایس پی نے بتایاکہ ضلع کے تمام گنتی مراکز پر پولیس کی بڑی تعداد تعینات کر دی گئی ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ مشکوک نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کے لئے خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعات کو
روکنے کے لیے حساس علاقوں میں اضافی پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔
ضلع ایس پی وقارآبادمحترمہ سنیہا مہرا، آئی پی ایس نے تمام سیاسی جماعتوں، امیدواروں، ڈی جے مالکان، امیدواروں کے حامیوں سے اپیل کی کہ وہ محکمہ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں، الیکشن کمیشن کے رہنما یانہ خطوط پر سختی سے عمل کریں ، جمہوری اقدار کا احترام کریں اور ووٹوں کی گنتی کے عمل کو آسانی اور پرامن طریقہ سے مکمل کرنے کو یقینی بنانے میں تعاون کریں۔
یہ بھی پڑھیں

