مجاہدین آزادی کی قربانیاں ناقابل فراموش ،نوجوان تعلیم کیساتھ سماجی خدمات میں بھی حصہ لیں

ریاستی خبریں

مجاہدین آزادی کی قربانیاں ناقابل فراموش ،نوجوان تعلیم کیساتھ سماجی خدمات میں بھی حصہ لیں
کوٹا مرپلی میں سبھاش چندرا بوس جینتی سے وزیرتعلیم سبیتا ریڈی اوررکن پارلیمان رنجیت ریڈی کا خطاب

تانڈور:/وقارآباد ۔25۔جنوری ( سحرنیوزڈاٹ کام ) پی۔ سبیتا اندراریڈی ریاستی وزیر تعلیم نے کہا ہیکہ جنگ آزادی کے دؤران مجاہدین آزادی کی قربانیوں کے باعث ہی ہم سب ہندوستانی آج آزادی کی ہوا میں سانس لے رہے ہیں وہ آج کوٹا مرپلی موضع میں منعقدہ مجاہد آزادی نیتا جی سبھاش چندرا بوس کی 124؍ویں جینتی تقریب سے خطاب کررہی تھیں.

قبل ازیں وزیر تعلیم نے نیتا جی سبھاش چندرا بوس کے مجسمہ کو گلہائے عقیدت پیش کیے اس تقریب میں رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔ رنجیت ریڈی ، رکن اسمبلی وقارآباد ڈاکٹر میتکو آنند ،ایڈیشنل کلکٹر وقارآباد چندریا ، نائب صدر ضلع پریشد بائنڈلہ وجئے کمار کے علاوہ دیگر شریک تھے اور انہوں نے خون کا عطیہ کیمپ کا بھی افتتاح انجام دیا نیتا جی یوواجناسنگھم کی جانب سے منعقدہ اس تقریب میں کھیلوں میں کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیزاور اسناد تقسیم کیے ۔

اس موقع پر اپنا خطاب جاری رکھتے ہوئے وزیر تعلیم پی۔ سبیتا اندراریڈی نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ سبھاش چندرا بوس کے بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے تعلیم کیساتھ ساتھ سماجی خدمات بھی جاری رکھیں اور ساتھ ہی کھیل کود میں حصہ لیتے ہوئے خود کو چست رکھیں انہوں نے کہا کہ موضع میں پیدا ہونے والے افراد کی جانب سے موضع کیلئے سی سی کیمروں اورسمنٹ سے تیار کی گئیں بینچ اور دیگر اشیاء کا عطیہ قابل ستائش ہیکہ وہ آج بھی اپنے جائے پیدائش سے جڑے ہوئے ہیں وزیر تعلیم پی۔ سبیتا اندرا ریڈی نے اپنے خطاب میں تیقن دیا کہ ریاستی بجٹ کے بعدموضع میں سڑکوں کی مرمت اور دیگر مسائل کو حل کیا جائے گا اور ساتھ ہی موضع کے تمام مستحقہ افراد کو ماہانہ وظائف اور راشن کارڈ کی اجرائی کو وہ یقینی بنائیں گی ۔

اس تقریب سے رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔ رنجیت ریڈی ، رکن اسمبلی وقارآباد ڈاکٹر میتکو آنندنے بھی خطاب کرتے ہوئے موضع کوٹا مرپلی کی ترقی کیلئے تمامتر تعاون کا تیقن دیا ۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے